Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
20 Shawwal 1445  

نواز شریف کے خلاف سازشی ٹولے کا سرغنہ ثاقب نثار تھا، وزیراعظم

دن رات چور ڈاکو کی گردان کرنے والے نے 4 سال میں کیا کیا، شہبازشریف
اپ ڈیٹ 23 جولائ 2023 05:43pm

وزیراعظم شہبازشریف نے فیصل آباد میں ستیانہ روڈ پر موٹروے انٹر چینج کا افتتاح کردیا، اس موقع پر وزیرداخلہ رانا ثنااللہ، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب، طلال چوہدری اور اسعد محمود بھی شریک تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن کی آمد آمد ہے، فیصل آباد والوں نے 2018 میں دھاندلی کے ذریعے آنے والوں کو شکست دینی ہے، اور گزشتہ انتخابات کا بدلہ لینا ہے۔

شہبازشریف کی تقریر کے دوران کارکنوں نے نعرے بازی کی، جس پر وزیراعظم نے رانا ثنااللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رانا صاحب سے کہوں گا کہ جلسے کے بعد ان سب کو سری پائے کھلائیں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات میں راتوں رات آر ٹی ایس بند کیا گیا، پنجاب میں ن لیگ کی حکومت کا راستہ روکا گیا، وفاق میں لوگوں کو ادھر ادھر کیا گیا، وہ شخص دن رات چور ڈاکو کی گردان کرتا رہا، 4 سال میں اس نے کیا کیا ہے، جو کہتا تھا کہ آؤں گا تو اسپتال اور یونیورسٹیوں کا جال پھیلا دوں گا، 300 ارب باہر جانے والی رقم سے ایک پائی بھی واپس آئی، اس نے کہا کہ مر جاؤں گا آئی ایم ایف نہیں جاؤں گا، آئی ایم ایف سے معاہدہ کر کے اسے توڑ دیا، اور سارا بوجھ ہماری حکومت پر ڈالا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب آیا، ہم نے دن رات کام کیا، 100 ارب روپے کی امداد دی، مولانا فضل الرحمان نے ترقیاتی منصوبوں کے لیے کام کیا، ن لیگ اور جے یو آئی کا تعلق آئندہ بھی چلتا رہے گا۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ 2013 سے 2018 تک معیشت راکٹ کی طرح اوپر جارہی تھی، پاناما میں 400 لوگوں کے نام تھے، نوازشریف کا تو پاناما میں نام بھی نہیں تھا، لیکن ان کے خلاف سازش کی گئی اور اس سازش میں ثاقب نثار ٹولے کا سرغنہ تھا، میں نے اس وقت کہا کہ یاد رکھنا وہ وقت آئے گا جب پی ٹی آئی چئیرمین اپنا مکروہ چہرہ دکھائے گا تو نوازشریف فرشتہ نظر آئے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمیں مجبورا آئی ایم ایف کی شرط پوری کرنا تھی، تاہم 201 یونٹ تک بجلی استعمال کرنےوالوں کے لیے کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، اگر انتخابات میں عوام نے ن لیگ کو ووٹ دیا تو پاکستان کو ترقی کے سفر پر گامزن کردیں گے۔

وزیراعظم کی تقریر کے دوران کارکنان نے ایک بار پھر نعرے لگائے تو شہبازشریف نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خاموش ہوجاؤ، رانا صاحب سے کہہ دیا ہے آپ کو ککڑ (مرغا) کھلائیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم جان لڑادیں گے اور پاکستان کو کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے، لیکن یہ کام جادو ٹونے یا موم بتی اور لالٹین جلانے سے نہیں ہوگا، نوازشریف کی قیادت میں ادنی ورکر کے طور پر کروڑوں بچوں بچیوں کو لیپ ٹاپ دیں گے، ہزاروں، لاکھوں ایکڑ زمین کو آباد کریں گے۔

شہبازشریف نے کہا کہ ایسا نہیں ہوگا کہ 190 ملین پاؤنڈ کا فراڈ کر کے قوم کو چور ڈاکو کی گردان کرتے رہیں، گھڑی اور تحفے بیچ کر جیب میں ڈالنے والے پیسے دانش اسکول کے بچے بچیوں کو دے دیتے تو آپ کو سلام کرتا، یہ 50 ارب روپیہ پاکستان کے خزانے میں کیوں نہیں آیا، اگر آپ نے فراڈیوں اور گردن میں سریے والوں کی بات سننی ہے تو ملک کا خدا حافظ۔

تقریب سے رانا ثنااللہ کا خطاب

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ستیانہ روڈ فیصل آباد کو لاہور سے لنک کرے گی، اور اس منصوبے کے ذریعے عوام کا وقت اور پٹرول کی بچت ہوگی، رنگ روڈ منصوبہ بھی مکمل ہونے کے قریب ہے، منصوبوں کی تکمیل سے ترقی کا سفر تیز ہوگا، فیصل آباد موٹر وے ایم 2 کے بعد موٹروے ایم 3 سے کنکٹ ہو رہے ہیں۔

راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے تعلیم اور صحت کے منصوبے بھی فیصل آباد کو دیئے ہیں، اور کم ترین وقت میں منصوبوں کو مکمل کیا، اسی وجہ سے انہیں شہباز اسپیڈ کا لقب دیا گیا، اگر میگا منصوبوں کو اس شہر سے نکال دیا تو کیا بچے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاست اور خدمت کا امتزاج مسلم لیگ ن ہے، 2018 میں سازش کے تحت ن لیگ کی حکومت کو ختم کیا گیا، اور ملک پر فتنے کو مسلط کیا گیا، 4 سال میں ملک کی بربادی کردی گئی، اور اس عرصے میں کوئی ایک ترقیاتی کام نہیں کیا گیا، 4 سال میں صرف تختیاں تبدیل کی گئی۔

راناثنااللہ نے کہا کہ ملک میں ترقیاتی کام ن لیگ کے دور میں ہی ہوئے ہیں، نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، اور بیرونی دباؤ کے باوجود دھماکےکیے، پاکستان کو ہر بحران سے نکالا ہے، پاکستان آج بھی بحران میں ہے، لیکن ملک کو ڈیفالٹ سے بچا لیا گیا ہے، مولانا فضل الرحمان نے ہر مشکل میں ن لیگ کا ساتھ دیا۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ 14ماہ کی حکومت کسی پل صراط سے کم نہیں، اس دوران معاشی استحکام روکنے کے لیے سیاستی عدم استحکام پیدا کیا گیا، جس نے ملک کو برباد کرنے والی سیاست کی ہے،اب کہتا ہے کہ ہمارے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، انہوں نے جو کیا ہے اس کی سزا ملے گی۔

imran khan

PM Shehbaz Sharif

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div