Aaj News

جمعرات, مئ 02, 2024  
23 Shawwal 1445  

9 مئی فوج اور سپہ سالار عاصم منیر کیخلاف سازش تھی، وزیراعظم

قومی اتحاد کی ضرورت ہے،اس کے بغیرملک نہیں چل سکتا، شہبازشریف
اپ ڈیٹ 09 اگست 2023 06:55pm
وزیراعظم قومی اسمبلی میں آخری خطاب کر رہے ہیں۔
وزیراعظم قومی اسمبلی میں آخری خطاب کر رہے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو پاکستان کے خلاف بدترین سازش کی گئی، یہ سازش فوج اور سپہ سالارعاصم منیر کے خلاف تھی، اگر 9 مئی کی سازش کامیاب ہو جاتی تو ملک کی بھیانک صورتحال ہوتی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کا الوداعی اجلاس طلب کیا، جس میں اسمبلیوں کی تحلیل اور دیگر اہم امور کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کی سیاسی ومعاشی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے کابینہ ارکان کے بھرپور تعاون پر شکریہ اد کرتے ہوئے ارکان کی مختصر مدت میں کارکردگی کوسراہا، اور اتحادیوں کی بھی تعریف کی۔

وزیراعظم نے خطاب میں کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام ملک کیلئے ضروری تھا، کوئی شک نہیں اس کی شرائط کڑی اور سخت ہیں، تاہم اس کے بغیر پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر سمیت کئی قسم کے چیلنجز درپیش ہوتے، پاکستان کے دیوالیہ ہونے سے تباہ کن صورتحال پیدا ہوتی۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام ہونے سے ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا، تاہم آئی ایم ایف نے سبسڈیز کے حوالہ سے ہاتھ پائوں باندھ دیئے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے وفد سے سرمایہ کاری پربات ہوی 14 سے 15ارب ڈالرکی سرمایہ کاری ہوگی ، سی پیک کے تحت پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کا سنہری موقع ملا ہے۔

کابینہ اجلاس میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مدت مکمل ہونے پراللہ تعالیٰ کا لاکھ شکراداکرتے ہیں، 16ماہ میں ہرممکن کوشش کی کہ مشکل صورتحال کو بہتر بنایا جائے، عوام کی ہر ممکن خدمت کی کوشش کی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ 16 ماہ کی مختصر ترین حکومت کو بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، حکومت سنبھالتے ہی سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کرنا پڑا، وفاق اور صوبوں نے سیلاب جیسی آفت سے نمٹنے کیلئے دن رات محنت کی، شفاف طریقے سے متاثرین میں اربوں روپے تقسیم کئے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سیلاب سے سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا، بطور ایک پاکستانی کسی صوبے سے کوئی تفریق نہیں کی، پاک فوج نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے بھرپور کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ 11 اپریل 2022 کو قومی اسمبلی نے ہم پراعتماد کیا تھا، کے پی اور پنجاب میں دوسری حکومت تھی، ہم نے ذمہ داری سنبھالی تومہنگائی بڑی تیزی سےشروع ہوچکی تھی، تیل کی قیمتیں آسمان سےباتیں کررہی تھی لیکن اتحادی حکومت میں مشکلات اور چیلنجز کے باوجود یکجا ہوگئے، آپ سب نے اپنی سیاست کو قربان کیا اور ریاست کو بچایا، تاریخ آپ کے اس کردار کو ہمیشہ یادرکھےگی، آپ نے اپنی سیاست کا نہیں سوچا مگر ملکی خزانے کا سوچا وہ کیسے بھریں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو پاکستان کے خلاف بدترین سازش کی گئی، یہ سازش فوج اور سپہ سالارعاصم منیرکیخلاف تھی، اگر 9 مئی کی سازش کامیاب ہو جاتی تو ملک کی بھیانک صورتحال ہوتی، پاکستان کے لیے قربانیاں دینے والوں کولیاں دیں گئیں، شہدوں خاندانوں پرکیا گزری ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ قومی اتحاد کی ضرورت ہے،اس کے بغیرملک نہیں چل سکتا، عوام کی خدمت کی ہر ممکن کوشش کی، مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا، تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ چین نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغازکردیا، چین نے یقین دلایا وہ ہمارا کبھی ساتھ نہیں چھوڑے گا، ہمارا مشرق کا ہمسائیہ ہم سے کہی زیادہ آگے نکل گیا۔

قومی اسمبلی سے خطاب

اس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے الوداعی خطاب میں کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں امریکا کے ساتھ تعلقات کو بری طرح نقصان پہنچایا گیا، جھوٹے سائفر نے جلتی پر تیل کا کام کیا، برادر ممالک سے جو رویہ رکھا گیا وہ ڈھکا چھپا نہیں، چین جیسے دوست ملک کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ 16 ماہ میں بے پناہ چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک بڑی جماعت کے لیڈر کو سزا ملی ہے لیکن ہمیں خوشی نہیں، یہ مٹھائیاں بانٹنے یا کھانے کی بات نہیں، سابقہ دور میں اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی، اسمبلی میں بیٹھے لوگوں کو چور ڈاکو کہا جاتا تھا۔

وزیراعظم نے ایک بار پھر کہا کہ 9 مئی رہتی دنیا تک یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا، سرحدوں کے محافظوں نے ملک کیلئے قربانیاں دیں، دہشت گردوں کو واپس آنے کی دعوت دی گئی، دوست نما دشمن نے ریاست کے خلاف بغاوت کی، یہ فوج اور سپہ سالار جنرل عاصم منیرکے خلاف سازش تھی، اس طرح کا دلخراش منظر آج تک نہیں دیکھا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایوان کو ریاست کے خلاف بدترین سازش کا نوٹس لینا چاہئے، قیامت تک کسی کوایسا کرنے کی جرات نہیں ہونی چاہیئے، 6ا ماہ بہت مشکل تھے، زندگی کا مشکل ترین امتحان تھا، ملک مہنگائی کے شدید بحران میں پھنسا ہواتھا، روز دھرنے اور لانگ مارچ کی باتیں کی جاتی تھیں، ان حالات میں بیرونی سرمایہ کاری کیسے ممکن تھی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ڈیفالٹ کی دعائیں کرنے والوں کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا، اب ہم مشکلات سے نکل آئے ہیں، حکومت نے سیلاب متاثرین کی مدد کی، رواں سال گندم کی ریکارڈ پیداوارہوئی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایس آئی ایف سی کے ذریعے معیشت بہتر بنائیں گے، زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور برآمدات سے معیشت بہتر بنائیں گے، تمام اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کا شکر گزار ہوں، انسان کو اپنی غلطیوں سے سیکھنا چاہیئے، انسان کی گردن میں سریا نہیں ہونا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان ترقی کے سفر میں پیچھے رہ گیا ہے، بلوچستان کے جائز مطالبات کو تسلیم کرتا ہوں، محترمہ بینظیر بھٹو اور محمد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار 13 جماعتی اتحاد نے حکومت بنائی، 13 جماعتوں کا ایسا گلدستہ کبھی نہیں بن سکتا۔

شہباز شریف نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی غلطیوں سے وزیراعظم نہیں بنا، میں ارکان اسمبلی کے ووٹوں سے وزیراعظم بنا ہوں، اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض سے کل ملاقات کروں گا، راجہ ریاض سے نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت ہوگی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی قرضوں سے جان چھڑائیں گے،

آج اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پیکج کا اعلان کرنا چاہتا ہوں، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے متعدد پیکجز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق بہت اہم تقریب ہے، اوورسیز پاکستانیوں کی ملک کے لیے بہت خدمات ہیں، اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم اوورسیز پاکستانیوں کے لیے جتنا بھی کرسکتے ہییں، کرنا چاہیئے، تمام اوورسیز پاکستان کے سفیر ہیں، دنیا میں نوجوانوں کو کمال ٹریننگ دی جارہی ہے۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ سمندر پاکستانیوں کے لیے چیف سیکرٹریز کی سربراہی میں ہاٹ لائن قائم کی جائیں گی، سعودی عرب، یواے ای اور یورپ میں اسکلڈ لیبر کی ضرورت ہے، آج اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پیکج کا اعلان کرنا چاہتا ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے پبلک سیکٹر ہاؤسنگ اسکیموں میں 10 فیصد کوٹہ مختص کرنے کا اعلان کردیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر خصوصی کاؤنٹر قائم کیے جائیں گے، سب سے زیادہ ترسیلات زر بھیجنے والے سمندر پار پاکستانیوں کو ایوارڈز دیے جائیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے بچوں کے لیے میڈیکل کالجز اور ہائر اسٹیڈیز کے لیے 5 فیصد کوٹہ ہوگا، اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کے سرٹیفکیٹ، شادی کے لیے نادرا سہولت فراہم کرے گا، اگلی حکومت اس پیکج کو عملی جامہ پہنائے گی۔

Shehbaz Sharif

PM Shehbaz Sharif

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div