Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

سعودی عرب نے پہلی مرتبہ فلسطین میں سفیر مقرر کردیا

معاملے کا اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی خبروں سے تعلق نہیں، ریاض حکومت
شائع 13 اگست 2023 12:37am
فوٹو۔۔۔ وائے نیٹ نیوز
فوٹو۔۔۔ وائے نیٹ نیوز

سعودی عرب نے پہلی مرتبہ فلسطین میں سفیر مقرر کردیا۔ سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ نائف السدیری کو بطور سفیر مقرر کرنے کا اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی خبروں سے تعلق نہیں ہے۔

فلسطینی خبر ایجنسی وفا نیوز کے مطابق صدر محمود عباس کے مشیر برائے سفارتی امور ماجدی الخالدی نے سعودی سفیر نائف السدیری کی اسناد وصول کیں۔

سفیر نائف السدیری نے اپنی سفارتی اسناد اردن میں قائم فلسطینی سفارتخانے میں صدارتی مشیر ماجدی الخالدی کو پیش کیں۔

سعودی عرب حکام کے مطابق نائف السدیری فلسطین میں غیر رہائشی سفیر کے فرائض سرانجام دیں گے۔

یاد رہے کہ نائف السدیری اردن میں سعودی عرب کے سفیر ہیں جنہیں سعودی حکومت نے فلسطین کیلئے غیر اقامت پذیر سفیر اور قونصل جنرل کا عہدہ بھی دے دیا ہے۔

فلسطین کے صدارتی مشیر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے فلسطین میں نان ریزیڈنٹ سفیر کا تعینات کیا جانا دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات اور اقوام کو مزید مضبوط کرے گا۔ انہوں نے فلسطینی عوام اور قیادت کی طرف سے سعودی عرب کے اقدامات کو سراہا۔

سعودی عرب سے وابستہ الاخباریہ چینل کی جانب سے نشر کی جانے والی ایک ویڈیو میں سدیری نے کہا کہ یہ تقرری شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی اس خواہش کی نشاندہی کرتی ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کے بھائیوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں اور اسے تمام شعبوں میں باضابطہ فروغ دینا چاہتے ہیں۔

Saudia Arabia

Palestine

Israeli Operation

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div