Aaj News

ہفتہ, دسمبر 14, 2024  
11 Jumada Al-Akhirah 1446  

جناح ہاؤس حملہ کیس: عدالت کی عمران خان کو گرفتار اور تفتیش کرنے کی اجازت

لاہور پولیس کی 3 رکنی جے آئی ٹی عمران خان سے تفتیش کیلئے اٹک جیل جائے گی
اپ ڈیٹ 23 اگست 2023 10:51pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں پولیس کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان کو اٹک جیل سے گرفتار اور تفتیش کرنے کی اجازت دے دی۔

یہ پیشرفت ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ عمران خان کی سزا کے فیصلے میں خامیاں ہیں اور اگر ہائیکورٹ نے کچھ نہ کیا تو جمعرات کو عدالت عظمی اس پر فیصلہ دے سکتی ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کو ہونے والے جناح ہاؤس حملہ کیس سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

مزید پڑھیں

اٹک جیل میں عمران خان کے باتھ روم کے اوپر بھی کیمرے لگے ہیں، جج

عمران خان نے دو ہفتے بعد شیو بنا لی، جیل کے سیل میں نئے واش روم کی تعمیر شروع

جیل میں عمران خان قیدیوں والے کپڑے پہنیں گے یا نہیں

عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کو اٹک جیل سے گرفتار کرنے اور تفتیش کی اجازت دے دی۔

ڈی آٸی جی انوسٹی گیشن عمران کشور کی جانب سے عدالت میں درخواست داٸر کی گٸی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان کو الیکشن ایکٹ کے تحت عدالت نے سزا سناٸی ہے، چیئرمین تحریک انصاف اس وقت اٹک جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ جناح ہاؤس حملہ کیس میں تفتیش کے لیے عمران خان کی گرفتاری کی اجازت دی جاٸے، عدالت اٹک جیل سے چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار اور تفتیش کی اجازت دے۔

لاہور پولیس کی جے آئی ٹی عمران خان سے تفتیش کیلئے اٹک جیل جائے گی

دوسری جانب 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے لاہور پولیس کی 3 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) ڈی آئی جی انوسٹی گیشن عمران کشور کی سربراہی میں پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان سے تفتیش کے لیے اٹک جیل جائے گی۔

پولیس ذرائع کے مطابق 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی اٹک جیل جائے گی۔ جس کی سربراہی ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور کریں گے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان سے مقدمہ نمبر 96/23 پر تفتیش کرے گی، جے آئی ٹی جمعے کے روز تفتیش کے لیے اٹک جیل جائے گی۔

پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان 2 مرتبہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوچکے ہیں، پیشی کے دوران افسران کو ڈرانے دھمکانے پر ان کے خلاف رپٹ بھی درج کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان توشہ خانہ کیس میں سنائی جانے والی 3 سال قید کی سزا اٹک جیل میں کاٹ رہے ہیں۔

عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن عدالت نے 5 اگست کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی جس کے بعد انہیں لاہور سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کیا گیا تھا۔

imran khan

lahore

JIT

investigation

Punjab police

pti chairman

MAY 9 RIOTS

Imran Khan Arrested August 5

District Jail Attock

Facilities in jail