Aaj News

ہفتہ, جولائ 27, 2024  
20 Muharram 1446  

شہریار آفریدی گرفتاری : ڈی سی اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز پرفرد جُرم عائد

شہریارآفریدی کے خلاف ایم پی او آرڈر میں اختیارات سے تجاوز پر توہین عدالت میں فرد جُرم عائد کی گئی
اپ ڈیٹ 07 ستمبر 2023 12:00pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہریارآفریدی کے خلاف ایم پی او آرڈر میں اختیارات سے تجاوز پر توہین عدالت کیس میں ڈی سی اور ایس ایس پی آپریشنز پر فرد جرم عائد کردی۔

ڈی سی اسلام آباد اور ایس پی آپریشنز کے خلاف ایم پی او آرڈر سے متعلق اختیارات سے تجاوز کرنے پر توہین عدالت کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار کر رہے ہیں۔

ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن اور ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر عدالت میں پیش ہوئے، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بھی بطور پراسیکیوٹر عدالت میں موجود ہیں۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد پر بھی فرد جرم عائد کردی۔

ڈی سی اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز نے فرد جرم عائد ہونے پر وضاحتی جواب عدالت میں جمع کرا دیا جس میں کہا گیا کہ اس آرڈرکومقصد عدالتی حکم کی توہین کرنا بلکل نہیں تھا۔

جسٹس بابر ستار نے جواب دیا کہ آج تو ہم نے چارج فریم کرنے کا دن کا رکھا ہوا۔ ڈی سی اسلام آباد نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے فرد جرم پڑھ کر سنانا شروع کردی۔

عدالت نے ڈی سی اسلام آباد کو ہدایت کی کہ جوکچھ بھی ہے اب ٹرائل میں ثابت کرنا، کیا آپ نے الزامات سن لیے ہیں؟ کھلی عدالت میں آپ کے سامنے چارج پڑھا گیا۔

ڈی سی اسلام آباد نے صحت جرم سے انکار کردیا، تاہم جسٹس بابر ستار نے ڈی سی اسلام آباد سے کہا کہ اگر آپ کو سزا ہوتی تو زیادہ سے زیادہ چھ ماہ کی جیل ہوگی، چھ مہینے کی سزا ہے آپ بھی زرا جیل میں رہ کر دیکھ لیں، جنہیں آپ جیل بھیجتے وہ کیسے گزارتے ہیں۔

عدالت نے ڈپٹی کمشنراسلام آباد عرفان نواز میمن، ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر، ایس پی فاروق بٹر اورایس ایچ او ناصر منظور پر فرد جرم عائد کردی جب کہ ٹرائل میں ایڈوکیٹ قیصر امام کو پراسیکیوٹر مقررکردیا۔

Islamabad High Court

Contempt of Court

Shehryar Afridi

dc islamabad