Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

افغان سرزمین دہشتگردانہ کارروائیوں کیلئےاستعمال نہیں ہونی چاہئے، نگراں وزیرخارجہ

دہشت گردکارروائیوں کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، نگراں وزیرخارجہ کا ایشیا سوسائٹی سے خطاب
اپ ڈیٹ 20 ستمبر 2023 12:15pm

نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کارروائیوں کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، افغان سرزمین دہشتگردانہ کارروائیوں کیلئےاستعمال نہیں ہوناچاہئے۔

نیو یارک میں ایشیاسوسائٹی سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ فورم میں مدعو کرنے پر بہت شکر گزار ہوں، اس فورم نے ایشیا اور یورپ کے درمیان بہتر تعلق کیلئے اہم کردار ادا کیا۔

نگران وزیرخارجہ نے کہا کہ دنیا کو اس وقت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، مسائل کا حل اجتماعی نوعیت کی کاوشوں میں مضمر ہے، معاشی بہتری ہماری خارجہ پالیسی کااہم حصہ ہے۔

جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات ہمیشہ سے اہم رہے ہیں، دونوں کے درمیان دفاعی تعاون اہم رہا ہے، تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، صحت، تعلیم اور آئی ٹی میں بھی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، امریکا میں مقیم پاکستانیوں کا تعلقات بڑھانے میں اہم کردارہے۔

نگراں وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان علاقائی روابط کو فروغ دینے کا ہمیشہ سے حامی رہا ہے، 4 دہائیوں سے 40 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہے ہیں، ہم افغانستان میں پائیدار امن کے خواہاں ہیں، کیوں کہ افغانستان میں امن سے خطے میں استحکام آئےگا، تاہم افغان سرزمین دہشتگردانہ کارروائیوں کیلئے استعمال نہیں ہونی چاہئے.

جلیل عباس جیلانی نے مزید کہا کہ ہم دہشت گرد کارروائیوں کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں اور ہر قسم کی دہشتگرد کاررائیوں کی مذمت کرتے ہیں، یوکرین کے مسئلے کا پرامن حل چاہتے ہیں، بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کر رہا ہے۔

نگراں وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کےچین کے ساتھ تاریخی تعلقات ہیں، چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، سی پیک بیلٹ اینڈروڈانیشی ایٹو کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، ہم چین اور امریکا دونوں سے اپنے تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں۔

جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا سامنا ہے، ہم قابل تجدید توانائی اور جنگلات میں اضافے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، سرمایہ کاری کےفروغ کیلئے ایس آئی ایف سی کا قیام عمل میں لایا گیا، پاکستان میں آئی ٹی او رمعدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔

JALIL ABBAS JILANI