Aaj News

جمعہ, مئ 17, 2024  
08 Dhul-Qadah 1445  

آرمی چیف نے واضح کہا جو لوگ اسمگلنگ میں ملوث ہوئے ان کا کورٹ مارشل ہوگا، سرفرار بگٹی

یہ نہیں کہہ سکتا کہ اسمگلنگ میں اہلکاروں کی کوئی انوالمنٹ نہیں تھی، وزیرداخلہ
شائع 02 اکتوبر 2023 04:25pm
نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی۔ فوٹو — فائل
نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی۔ فوٹو — فائل

نگراں وفاقی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ میں یہ کہہ دوں کہ اسمگلنگ میں اہلکاروں کی کوئی انوالمنٹ نہیں تھی تو یہ مناسب نہیں ہے، آرمی چیف نے واضح طور پر کہا ہے اسمگلنگ میں ملوث اہلکاروں کا کورٹ مارشل ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ اگر میں یہ کہہ دوں کہ اسمگلنگ میں سیکیورٹی اہلکاروں کی کوئی انوالمنٹ نہیں تھی تو یہ مناسب نہیں ہے کیونکہ جتنی اسمگلنگ ہوئی وہ اونٹوں پر نہیں ہوئی ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ آرمی چیف نے واضح الفاظ میں اپنے لوگوں کو کہا ہے کہ میں اس میٹنگ کا حصہ تھا جس میں واضح ڈائریکشن دی گئی تھی کہ نہ صرف کورٹ مارشل ہوں گے بلکہ وہ لوگ جو اس طرح کی پریکٹسز میں ملوث ہونگے، انہیں جیل بھی بھیجا جائے گا۔ ان کے احتساب کا طریقہ کارچونکہ پبلک نہیں ہے ، وہ نظر نہیں آتا’۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ فوج کے احتساب کے نظام کو نہ صرف یہاں دیکھا گیا بلکہ نو مئی کو بھی دیکھا گیا، ’ان کا احتساب ہوتا ہے، ہمارے یہاں جو کمزوریاں ہیں، انکے ازالے کی ضرورت ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ایک ماہ میں اسمگلنگ کیخلاف بھرپورکارروائی کی، اسمگلنگ کی وجہ سے ملکی معیشت کو نقصان ہو رہا تھا۔ ہم نے صوبوں کی ضروریات کا ڈیٹا اکھٹا کیا اور اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے چیک پوسٹیں بنائیں۔ ہم نے صحیح کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنی ہے اور مجرموں کےساتھ سختی سے نمٹیں گے۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت نےمعاشی بہتری کیلئےاقدامات اٹھائے، ہم نے چھاپوں میں 2ہزارمیٹرک ٹن سےزائد گندم اور 8 ہزارمیٹرک ٹن چینی بھی برآمد کی ہے۔چینی کی اسمگلنگ کوجدیدٹیکنالوجی سےروکا اور 10ہزار 195لیٹرغیرقانونی پٹرول بھی برآمدکیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس مختصروقت ہے، ہم روزمرہ کی چیزوں کوبہترکررہے ہیں۔ ڈالر کو اس کی اصل قیمت پر لانے کے لیے کوشاں ہیں۔

نگراں وزیرداخلہ نے کہا کہ الیکشن میں سیکیورٹی فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ہماری جانب سے الیکشن کمیشن کےساتھ ہرطرح کاتعاون کیا جائےگا۔

نوازشریف کی وطن واپسی سے متعلق بیان کے بعد رانا ثناء کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے حوالے سے سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ راناثناء اللہ میرے بڑے بھائی ہیں، محترم ہیں، میں نے ایسی کوئی بات نہیں کی جس سے دل آزاری ہو۔

انہوں نے کہا کہ ، ’نوازشریف تووہ سیاستدان ہیں جوبیٹی کےساتھ جیل گئے، وہ وطن واپس آکرسیاست میں حصہ لیناچاہتےہیں توحوصلہ افزابات ہے‘۔

سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ مستونگ دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں۔ دہشت گردی کےخلاف لڑائی مشکل ہے، ہم یہ لڑائی صف اول میں آکر لڑیں گے ملک میں ایک دہشتگردکوبھی نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی میں بھارتی ایجنسی“را“ملوث ہوتی ہے۔

Army Chief General Asim Munir

sarfaraz bugti