Aaj News

جمعرات, مئ 02, 2024  
23 Shawwal 1445  

عامر خان نے اپنی آنے والی نئی فلم کی تصدیق کردی

اداکار نے فلم کے نام کا بھی اعلان کردیا
شائع 11 اکتوبر 2023 12:05am

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنٹ عامر خان اپنی نئی فلم ’ستارے زمین پر‘ کی تصدیق کردی۔ یہ فلم ”تارے زمین پر“ سے دس قدم آگے ہوگی۔

بالی ووڈ اداکار عامر خان حال ہی میں ایک تقریب میں نظر آئے، اس موقع پر انہوں نے اپنے آنے والے ایک دلچسپ پراجیکٹ کے اعلان کے ساتھ مداحوں کو بھی خوش کیا۔

انٹرویو میں عامر خان نے اپنی آنے والی فلم ’ستارے زمین پر‘ کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ابھی اس پراجیکٹ کے بارے میں عوامی سطح پر بات نہیں کی اور میں اب بھی زیادہ کچھ نہیں کہہ سکوں گا لیکن میں فلم کا عنوان بتا سکتا ہوں کہ فلم کا ٹائٹل ’ستارے زمین پر‘ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کو میری فلم تارے زمین پر تو یاد ہی ہوگی اور اس فلم کا نام ستارے زمین پر ہے کیونکہ ہم اسی تھیم کے ساتھ دس قدم آگے کی فلم بنا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موضوع ایک ہی ہے لیکن تارے زمین پر ایک جذباتی فلم تھی لیکن یہ فلم آپ کو ہنسائے گی، اسی لیے ہم نے یہ نام بہت سوچ سمجھ کر رکھا ہے، فلم میں دل دہلا دینے والی کہانی کے ساتھ مزاح کو ملایا گیا ہے ۔

عامر خان نے بتایا کہ فلم تارے زمین پر میں ایک اسپیشل بچے ایشان کی مدد کرتا ہوں لیکن فلم ستارے زمین پر میں ایسے 9 نوجوان جو اپنے مسئلوں میں الجھے ہوئے ہیں وہ میری مدد کرینگے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کی کہانی ایک اسپورٹس کوچ اور اس کے ابنارمل بچے کی ٹریننگ کے گرد گھومتی ہے

عامر خان اپنی آخری فلم ’لال سنگھ چڈا‘ میں نظر آئے تھے جسے اگست 2022 میں ریلیز کیا گیا اور اس میں کرینہ کپور اور مونا سنگھ نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔

واضح رہے کہ اداکار نے ’غدر‘ اسٹار سنی دیول کے ساتھ مل کر فلم ’لاہور 1947‘ بنانے کا اعلان بھی کیا ہے اور اسے نامور ڈائریکٹر راج کمار سنتوشی بنائیں گے۔

Aamir Khan

TAAREE ZAMEEN PAR

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div