Aaj News

جمعہ, مئ 03, 2024  
24 Shawwal 1445  

یہودی لابی کے پاکستان بھیجے گئے ایجنٹ کی طرح اسرائیل کو بھی شکست دیں گے، فضل الرحمان

فلسطین کی آزادی تک جنگ جاری رہے گی، ریاست کے قیام تک ہم ان کے ساتھ ہیں، سربراہ جے یو آئی
شائع 29 اکتوبر 2023 07:31pm
Maulana Fazl-ur-Rehman addresses the March - Aaj News

جمعیت علمائے اسلام ( جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ یہودی لابی نے جس ایجنٹ کو پاکستان بھیجا اس کو شکست دے دی اب اسرائیل کو بھی شکست دیں گے۔ فلسطین کی آزادی تک جنگ جاری رہےگی، فلسطینی ریاست کے قیام تک ہم ان کے ساتھ ہیں۔

فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف جمعیت علمائے اسلام نے کوئٹہ میں طوفان اقصیٰ کانفرنس کا انعقاد کیا۔

کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، آزادی کی جنگ میں فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، جنگ میں برابر کے شریک ہونے کا اعلان کرتے ہیں، ہم اپنے مجاہدین کے ساتھ جنگ کیلئے تیار ہیں۔

انھوں نے کہا کہ دنیا میں آج واضح نظریاتی تقسیم ہے، جنہیں تم دہشت گرد کہتے ہو ہم انہیں مجاہدین کہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا اب سپر پاور نہیں رہا، اپنے حکمرانوں سے کہتا ہوں امریکا کی غلامی چھوڑ دو، آج پھر بزدلی کا مظاہرہ کیا توعوام آپ کے مقابلےمیں کھڑے ہوں گے۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ حکمران غیرت کا مظاہرہ کریں، یہودی لابی نے جس ایجنٹ کو پاکستان بھیجا اس کو شکست دے دی، اسرائیل کو بھی شکست دیں گے، آج وہ ایجنٹ مکافات عمل کا شکار ہے۔

انھوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کھل کر اسرائیل کی حمایت کررہا ہے، ہمارے حکمرانوں میں ہمت ہی نہیں ہے، محلوں میں عیش و عشرت کرنے والےعوام کے نمائندے نہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کیا دنیا کو فلسطین میں ہونے والے مظالم ںظر نہیں آرہے، ہم نے پاکستان کو بھی غلامی سے نکالنا ہے، ہم نے پاکستان انگریزوں کی غلامی کیلئے حاصل نہیں کیا تھا، ہمارے بزرگ انگریزوں کےخلاف لڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں جے یو آئی کی کمزوری نہیں ہے، اسمبلیوں میں رہیں نہ رہیں ، سڑکوں پر رہیں گے، ہم نے اپنے جذبے کو زندہ رکھنا ہے، اوآئی سی کا اجلاس بلایا جائے اور متفقہ مؤقف لیا جائے، ہم اپنے مؤقف سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

JUIF

Molana Fazal ur Rehman

israeli air strikes

Israel Palestine conflict

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div