Aaj News

بدھ, مئ 01, 2024  
22 Shawwal 1445  

پنجاب بھر میں اسموگ ایمرجنسی نافذ، طلبا و طالبات کیلئے ماسک لازمی قرار

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا اسموگ کے دوران کاشت کاروں کیخلاف چالان واپس لینے کا حکم
اپ ڈیٹ 01 نومبر 2023 08:17pm

پنجاب بھر میں اسموگ ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی جبکہ ایک ماہ کے لیے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں طلبا و طالبات کے لیے ماسک لازمی قرار دے دیا گیا۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اسموگ کے تدارک کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں انسداد اسموگ اقدامات پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں ماہرین ماحولیات نے بریفنگ دی کہ اسکولوں میں چھٹی اور ٹرانسپورٹ بند کرنے سے فرق نہیں پڑے گا، جس پر پنجاب بھر میں اسموگ ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ایک ماہ کے لیے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں طلبا و طالبات کے لیے ماسک لازمی قرار دے دیا گیا۔

اس موقع پر نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ طلبا و طالبات کی صحت کے لیے ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے، عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ ماسک کا استعمال کریں۔

محسن نقوی نے صوبائی وزراء کو کل سے سرکاری و نجی اسکولوں کے وزٹ کرنے کی ہدایت کر دی۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گھروں کی تعمیر کے دوران مٹی، ریت اور ملبے پر پانی کا چھڑکاؤ نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔

اس ضمن میں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کمشنر لاہور ڈویژن، محکمہ بلدیات اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایات جاری کر دیں۔

انہوں نے اسموگ کے دوران کاشت کاروں کے خلاف چالان واپس لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کاشت کار فصلوں کی باقیات نہ جلائیں بلکہ انہیں مناسب طریقے سے تلف کیا جائے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے، جو کچھ انسانی بس میں ہے اسموگ میں کمی کے لیے ہر وہ اقدام اٹھایا جائے، تمام متعلقہ محکمے فعال طریقے سے انسداد سموگ کے لئے کام کریں۔

ماہرین ماحولیات اور ماہرین صحت نے سموگ میں کمی اور سموگ کے اثرات سے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے بارے میں بریفنگ دی۔

مزید پڑھیں

اسموگ کے تدارک کے اقدامات نہ کرنیوالے اینٹوں کے بھٹہ مالکان کیخلاف کارروائی کا حکم

لاہور: اسموگ تدارک کیلئے ”بدھ کی تعطیل“، تاجروں کا فیصلہ ماننے سے انکار

لاہور:اسموگ کے باعث نجی اداروں کے ملازمین کو گھرسے کام کرنے کی ہدایت

صوبائی وزراء، ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر، منصور قادر، ابراہیم مراد، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹریز، زراعت، صحت، ٹرانسپورٹ، ماحولیات، لوکل گورنمنٹ، سکول ایجوکیشن، انڈسٹریز، چیئرمین پی آئی ٹی بی، کمشنر لاہور، ڈی جی پی ڈی ایم اے، ڈی جی پی ایچ اے، ڈپٹی کمشنر، سی ٹی او لاہور، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی اور متعلقہ محکموں کے سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے اسموگ کو آفت قرار دے دیا

دوسری جانب پاکستان پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے اسموگ کو آفت قرار دیتے ہوئے صوبے بھر کی انتظامیہ کو اسموگ کے تدارک کے لیے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کردیں، پی ڈی ایم اے نے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ریلیف کمشنر کے اختیارات بھی سونپ دیے۔

ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے پنجاب نازیہ جبین کی جانب سے پنجاب بھر کی انتظامیہ کو لکھے گئے مراسلے میں اسموگ کو آفت قرار دے کر تدارک کے لیے فوری اقدامات کی ہدایات کی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پنجاب بھر کے ضلعی افسران ہر اس اقدام کو روکیں جو سموگ کا باعث ہے، اس ضمن میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو ریلیف کمشنر کے اختیارات سونپ دیئے گئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مراسلے میں مزید کہا گیا کہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر مکمل پابندی عائد ہے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، آلودگی کا باعث بننے والے کارخانوں اور بھٹوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے کارخانوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔

خط میں یہ بھی کہا گیا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی سے چلنے والے بھٹوں کے علاوہ باقیوں پر کڑی نظر رکھی جائے، افسران عوام کے ساتھ رابطہ استوار کریں اور اسموگ اقدامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کی ویڈیو حاصل کر کے ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، آگاہی کے لیے یونیورسٹیز، کالجز اور اسکولز میں سیمینارز بھی کروائے جائیں۔

آلودہ ہوا میں سانس لینے سے ٹائپ 2 ذیابیطس کا خطرہ، تحقیق میں انکشاف

ایک طرف جہاں پنجاب بھر میں اسموگ ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، وہیں اپنی نوعیت کی پہلی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ آلودہ ہوا میں سانس لینے سے ٹائپ 2 ذیابیطس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

برطانوی خبررساں ادارے ”دی گارڈیئن“ کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے دارالحکومت دہلی اور جنوبی شہر چنئی میں کی گئی تحقیق میں پتہ چلا ہے کہ ”PM2.5“ ذرات کی زیادہ مقدار والی ہوا میں سانس لینے سے خون میں شوگر کی سطح بڑھ جاتی ہے اور ٹائپ 2 ذیابیطس کے واقعات میں اضافہ ہوتا ہے۔

lahore

smog

smog emergency

mohsin naqvi

CARETAKER CM PUNJAB

lahore smog condition

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div