Aaj News

منگل, مئ 07, 2024  
29 Shawwal 1445  

’آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ہاتھ ملائے جانے کا امکان‘

پی ڈی ایم کی زیادہ تر جماعتیں ایک مخلوط حکومت تشکیل دیں گی، فیصل حیات خان
شائع 04 نومبر 2023 09:53pm

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں مخلوط حکومت ملک کی قیادت کرے گی، جس میں ان کی جماعت اور مسلم لیگ (ن) کے ہاتھ ملائے جانے کا امکان ہے۔

آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ اگلی حکومت میں ساتھ ہوں گے تو انہوں نے کہا کہ میں اس امکان کو رد نہیں کر سکتا۔

انہوں نے اس بات سے اتفاق کا اظہار کیا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی زیر قیادت حکومت کی زیادہ تر جماعتیں ایک مخلوط حکومت تشکیل دیں گی۔

پنجاب کا تخت

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ پیپلز پارٹی کے لیے پنجاب میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستیں دوبارہ حاصل کرنا مشکل ہے، کیونکہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کو وہاں بھرپور حمایت حاصل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں صوبے میں ہمارے سامنے ایک بڑا چیلنج ہے۔ ہمیں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے اور وقت کم ہے‘۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پارٹی کی پوزیشن کو بچانے کے لیے اقدامات کریں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان کی سیاست میں پنجاب میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت مرکز میں حکومت قائم کرتی ہے۔

بغیر کسی ہچکچاہٹ کے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی دو مضبوط جماعتیں ہیں۔ لیکن وہ سابق حکمران جماعت پی ٹی آئی کو صوبے میں انتخابات کا انتظام کرتے یا مہم چلاتے ہوئے نہیں دیکھ سکتے، جس سے اس کے انتخابات جیتنے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔

انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے باوجود پی پی پی رہنما کا موقف تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو انتخابی شیڈول جاری کرنا چاہیے تھا کیونکہ پارٹیوں کو مہم چلانے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں گرینڈ الائنس ان کی پارٹی کی پوزیشن کو متاثر نہیں کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی پی پی کے میئر مرتضیٰ وہاب کو کراچی میں بڑا چیلنج درپیش ہوگا کیونکہ شہر اپنے مسائل حل کرنے والے لیڈروں کا مطالبہ کرتا ہے۔

فیصل حیات کے مطابق پی پی پی ملک کے معاشی حب میں کم از کم سات سے آٹھ نشستیں حاصل کرے گی۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ استحکام پاکستان پارٹی میں کچھ سیاسی ہیوی ویٹ ہیں، تاہم، نئی شروع ہونے والی پارٹی میں دوسری پارٹیوں کی طرح مقبولیت کا ”فقدان“ ہے۔

Faisal Hayat Khan

Election 2024

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div