Aaj News

پیر, اپريل 29, 2024  
21 Shawwal 1445  

جام کمال سمیت 30 سے زائد سیاسی شخصیات کا ن لیگ میں شمولیت کا اعلان

آپ سب کو جماعت میں خوش آمدید کہتا ہوں، صدر ن لیگ
اپ ڈیٹ 15 نومبر 2023 12:33am
فوٹو ــ ٹوئٹر/ مسلم لیگ ن
فوٹو ــ ٹوئٹر/ مسلم لیگ ن

کوئٹہ میں مسلم لیگ ن میں سیاسی شخصیات کی شمولیت کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں میاں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز ، پرویز رشید و دیگر موجود تھے۔ تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں کے 30 سے زائد سیاسی شخصیات نے ن لیگ میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔

ن لیگ میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں بلوچستان عوامی پارٹی ، بی این پی مینگل ، نیشنل پارٹی، تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے سابق ارکان پارلیمنٹ شامل ہیں۔

بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے صوبے کے سابق وزیراعلی جام کمال، سابق وزراء میر سلیم کھوسہ، نور محمد دمڑ، ربابہ بلیدی بھی ن لیگ میں شمولیت اختیار کرنے والوں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ بی اے پی کے سردار عبدالرحمان کھیتران، محمد خان لہڑی ، سردار مسعود لونی، بی اے پی کے سابق ارکان اسمبلی اور رہنماء شعیب نوشیروانی، عاصم کرد گیلو، جنگیز مری، رامین محمد حسنی اور دوستین ڈومکی بھی ن لیگ میں شامل ہوگئے۔

نیشنل پارٹی کے مجیب محمد حسنی، بی این پی کی سابق رکن اسمبلی زینت شاہوانی ، پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے خان محمد جمالی، پی ٹی آئی کے سردار عاطف علی سنجرانی، نیشنل پارٹی کے سابق سینیٹر ڈاکٹر اشوک کمار ، سابق سینیٹر پی پی پی سید الحسن مندوخیل نے بھی ن لیگ میں شمولیت اختیار کرلی۔

پیپلز پارٹی سے سردار فتح محمد حسنی ، سلیم کھوسہ اور فائق جمالی بھی ن لیگ میں شامل ہوگئے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کوئٹہ میں بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

اہم سیاسی شخصیات اور قائدین کے ساتھ ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی ہمیں ہمیشہ سے عزیز رہی ہے، بلوچستان میں سڑکوں کا جال بچھانے کا سلسلہ شروع کیا، گوادر سے کوئٹہ تک عوام کو سفر کی بہترین سہولیات فراہم کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کو سفر کی بہترین سہولیات فراہم کیں اور بلوچستان سے غربت اور پسماندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے1998 میں گوادر کی ترقی کا سفر شروع کیا تھا، بلوچستان میں 400 سے زائد چھوٹے ڈیم کے منصوبے شروع کئے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’جاپان کے تعاون سے راکھی گاج سے بے واتا تک سڑک بنائی جو شمالی بلوچستان کو جنوبی پنجاب (ڈی جی خان) سے جوڑتی ہے، ہم نے قلات، کوئٹہ، چمن، خضدار، کراچی دو رویہ (این 25) پر کام شروع کیا۔‘

انھوں نے کہا کہ ’بلوچستان کے لئے ترقی اور ڈیویلپمنٹ کا جو کام ہم نے شروع کیا تھا، ہماری حکومت کے بعد وہ سفر روک دیا گیا۔‘

نواز شریف نے مزید کہا کہ گوادر، کوئٹہ سڑک کی تعمیر سے 2 دن کا سفر 8 گھنٹے کا رہ گیا، سڑک کی تعمیر کے دوران 40 سے زائد نوجوان شہید ہوئے، گوادر سے خضدار اور رتو ڈیرو شاہراہ تعمیرکی، سڑک کی تعمیرسے جنوبی بلوچستان کےعلاقوں کو سندھ سے جوڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’بلوچستان اور سابق قبائلی علاقوں کے پانچ ہزار سے زائد طالب علموں کو وظائف دئیے، پسماندہ علاقوں کے ان ہزاروں بچوں نے وظائف پر بہترین تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کی۔ تربت، خضدار، ڈیرہ مراد جمالی، پشین، گوادر، نوشکی اور وڈھ میں یونیورسٹی کیمپس کھولے جہاں ہزاروں نوجوان زیر تعلیم ہیں۔‘

ملک میں امن و امان اور بجلی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے قائد ن لیگ نے مزید کہا کہ دہشت گردی کو ہم نے مکمل طور پر ختم کیا، اور لوڈشیڈنگ کو بھی مکمل طور پر ختم کر دیا تھا۔

PMLN

Nawaz Sharif

بلوچستان

Election 2024

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div