Aaj News

جمعرات, مئ 02, 2024  
23 Shawwal 1445  

’پنجاب میں سرکاری سطح پر پیٹرول موٹر سائیکل خریدنے پر پابندی‘

اب سرکاری سطح پر الیکٹرک بائیکس ہی خریدی جائیں گی، وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی
شائع 24 نومبر 2023 07:10pm
فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پنجاب میں سرکاری سطح پر پیٹرول موٹر سائیکل خریدنے پر پابندی لگا دی ہے، اب سرکاری سطح پر الیکٹرک بائیکس ہی خریدی جائیں گی۔

لاہور کے ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ میں خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مستقبل کے بارے میں مایوسی پھیلانے والے ناکام رہیں گے، یہ ملک نیچے نہیں اوپر جائے گا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے، ہمارے پاس بہترین انسانی وسائل ہیں، ہمارا ملک بہت جلد ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر ٹیک آف کرے گا، ہم اگر امید رکھیں گے توہمارے بچے بھی پر امید رہیں گے۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ نگران سیٹ کو 600 ارب روپے سے زائد کا گندم کا سرکلر ڈیٹ ملا، ہم نے عزم کے ساتھ مشکل فیصلہ کیا اور یہ سرکلر ڈیٹ ختم کیا، ٹیم اچھی اور کچھ کرنے کا جذبہ ہوتو مشکل کام بھی آسان ہوجاتے ہیں، ہم نے 10ماہ میں عملاً یہ کرکے دکھایا ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم نے کپاس کے زیر کاشت رقبے میں اضافہ کیا اور تین ارب ڈالر کا زرمبادلہ بچایا، ہمارے دور میں چاول کی کاشت میں 100فیصد اضافہ ہوا، اور مجموعی طور پر 2 ارب ڈالر کا اضافہ چاول کی کاشت سے ہوا۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گوجرانوالہ، فیصل آباد اور روالپنڈی سیف سٹی پراجیکٹس میں 88 ارب روپے بچائے، پنجاب میں 100 اسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے، پرانے اسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے ساتھ نئے اسپتال بھی بنا رہے ہیں، ہم اپنا کام کر رہے ہیں آنے والی حکومت اپنا کام کرے گی، اگر میں عوام کو ریلیف دینے میں ایک فیصد بھی کامیاب ہوا تو یہ کامیابی ہوگی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایئر چیف تعلیم اور ٹیکنالوجی پر بہت توجہ دے رہے ہیں، انہوں نے ان دونوں شعبوں کیلئے بے مثال کام کیا ہے، گزشتہ 10 ماہ میں کچے کے 95 فیصد علاقے پر پنجاب پولیس نے کنٹرول حاصل کیا، 60 ہزار ایکڑ کا علاقہ ڈاکوؤں سے واگزار کرایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اسموگ سے نمٹنے کے لئے ہر سطح پر اقدامات کررہے ہیں، پنجاب میں سرکاری سطح پر پٹرول موٹر سائیکل خریدنے پر پابندی لگا دی ہے، اب سرکاری سطح پر الیکٹرک بائیک ہی خریدی جائیں گی، 10 ہزار طلبہ کو سبسڈی پر الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی، سرکاری ملازمین کو بھی لیز پر الیکٹرک بائیک ملیں گی۔

Punjab Government

mohsin naqvi

CARETAKER CM PUNJAB

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div