Aaj News

جمعہ, مئ 03, 2024  
24 Shawwal 1445  

8 کنال اراضی انکوائری: نیب کو فواد چوہدری کے بھائی کیخلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا گیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت پر نیب سے انکوائری کا ریکارڈ طلب کرلیا
شائع 05 دسمبر 2023 07:47pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پنڈ دادن خان میں 8 کنال اراضی کی خرید و فروخت سے متعلق انکوائری میں قومی احتساب بیورو (نیب) کو فواد چوہدری کے بھائی فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کے خلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی اور جسٹس سرداراعجازاسحاق خان نے سماعت کی جبکہ وکیل فیصل چوہدری اپنے وکیل علی بخاری ایڈووکیٹ کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ نیب کو درخواست گزار اور اہلخانہ کو ہراساں کرنے سے روکا جائے، درخواست گزار کے بھائی فواد چوہدری کو 4 نومبر کو جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا گیا، اینٹی کرپشن پنجاب نے 8 کنال اراضی کی خرید و فروخت کی انکوائری کی، اینٹی کرپشن پنجاب نے طلبی کا نوٹس بھیجا جو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا۔

درخواست گزار فیصل چوہدری کے وکیل نے مزید کہا کہ نیب اور اینٹی کرپشن کیس ثابت نہ کر سکی، اب نیب نے اسی زمین کی انکوائری شروع کردی ہے، نیب نے انکوائری میں بلائے بغیر ملزم بنا دیا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ نیب کا 27 نومبر کا نوٹس غیرقانونی قرار دیا جائے۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت پر نیب سے انکوائری کا ریکارڈ طلب کرلیا۔

فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کی میڈیا سے گفتگو

فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ تمام قانونی لوازمات مکمل کر کے لین دین ہوا، ٹیکس ریٹرنز میں بھی ذکر ہے، کارروائی کا مقصد مجھے اور بھائی کو سیاست میں حصہ لینے سے روکنا ہے۔

فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ نیب انکوائری کا کوئی جواز نہیں، تفتیشی اداروں کو پہلے بھی مطمئن کیا، تمام اثاثے ڈکلیئرڈ ہیں اور کوئی چیز نہیں چھپائی گئی۔

Islamabad High Court

inquiry

Fawad Chaudhary

faisal chaudhry

justice mohsin akhtar kiyani

justice sardar ejaz ishaq khan

pind dadan khan

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div