Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

بھارت میں کووڈ کی نئی قسم تیزی سے پھیلنے لگی، سیکڑوں نئے کیسز رپورٹ

24 گھنٹوں میں 358 نئے کیس، سرکاری ماہرین کاعوام کو بدحواس نہ ہونے کا مشورہ
اپ ڈیٹ 21 دسمبر 2023 10:27am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت میں کورونا وائرس کی نئی قسم جے این ون نے خوف و ہراس پھیلادیا ہے۔ چوبیس گھنٹوں میں 358 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن میں 21 نئئ قسم سے تعلق رکھتے ہیں۔

ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس کے پونے تین ہزار نئے کیس سامنے آچکے ہیں۔ صورتِ حال کی بڑھتی ہوئی سنگینی کے پیش نظر ریاستوں کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بھارتی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم جے این ون کا پہلا کیس جنوبی ریاست کیرالا میں سامنے آیا۔ کیرالا میں تین ہلاکتوں کی اطلاع ملی ہے۔ جن رہاستوں سے جے این ون کے کیسز کی اطلاعات ملی ہیں ان میں گجرات، کرناٹک، تامل ناڈو اور مہاراشٹر نمایاں ہیں۔

وزارتِ صحت کی ویب سائٹ کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کے ہاتھوں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 5 لاکھ 33 ہزار، 327 ہے۔ کورونا وائس کی مختلف اقسام کی زد میں آنے والے بھارتی باشندوں کی تعداد اب 4 کروڑ 44 لاکھ 70 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔ صحت یاب ہونے والوں کا تناسب 98.81 فیصد ہے۔

جے این ون کے کیسز سامنے آنے پر وزارتِ صحت میں بدھ کو خصوصی اجلاس ہوا جس کی صدارت مرکزی وزیر صحت من سکھ مانڈویہ نے کی۔

انہوں نے تمام ریاستوں پر زور دیا کہ وہ الرٹ رہیں تاکہ کورونا وائرس کی نئی قسم خطرناک شکل اختیار نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی سطح پر ہر تین ماہ بعد خصوصی مشق کی جانی چاہیے تاکہ کورونا وائرس کے ممکنہ حملوں سے بچنے میں زیادہ مدد مل سکے۔

وزارتِ صحت کے ماہرین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم ابتدائی مرحلے میں ہے۔ قوم کو زیادہ بدحواس ہونے کی ضرورت نہیں تاہم محتاط رہنا لازم ہے۔ عوام علاج کی تمام دستیاب سرکاری سہولتوں سے فائدہ اٹھائیں۔ نیتی آیوگ کے ڈاکٹر وی کے پال نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس کے نئے کیسز والے 98 فیصد مریض گھر پر ہی علاج کرانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہیں ماہرین کی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔

جے این ون دو سال قبل منظر عام پر آنے والے کووِڈ ویریئنٹ اومیکرون کا ذیلی ویریئنٹ ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے بتایا ہے کہ یہ وائرس بھارت، چین، امریکا اور دیگر ممالک میں پھیل رہا ہے۔ موجودہ ویکسین کارگر ہے اور عالمی سطح پر صورتِ حال اس وقت خطرناک نہیں تاہم موسمِ سرما میں نئے کیس تیزی سے سامنے آسکتے ہیں۔

india

covid

new type of covid

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div