Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

دھماکے کے بعد بھارت میں اسرائیلی شہریوں کو خطرات لاحق، دھمکی آمیز خط برآمد

اسرائیلی قومی سلامتی کونسل نے ایڈوائزری جاری کردی، اسرائیلیوں کو بھارت میں نقل و حرکت کے دووران محتاط رہنے کا مشورہ
شائع 27 دسمبر 2023 11:08am

نئی دہلی میں اسرائیلی سفارت خانے کے نزدیک دھماکے کے بعد وہاں اسرائیلی باشندوں کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ اسرائیلی حکومت نے بھارت میں مقیم اپنے باشندوں کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے انہیں محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

یہ سیکیورٹی ایڈوائزری اسرائیل کی قومی سلامتی کونسل نے جاری کی ہے۔ بھارت میں مقیم اسرائیلی باشندوں سے کہا گیا ہے کہ وہ نقل و حرکت کے حوالے سے غیر معمولی احتیاط برتیں اور مقامی سیکیورٹی حکام سے رابطے میں رہیں۔

منگل کو نئی دہلی کے سفارتی علاقے چانکیہ پوری میں اسرائیلی سفارت خانے کے نزدیک دھماکے میں کوئی زخمی نہیں ہوا تھا۔ دھماکے کے مقام سے ایک خط بھی ملا تھا جس میں اسرائیل کو سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی تھی۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق اسرائیلی سلامتی کونسل نے کہا ہے کہ منگل کو اسرائیلی سفارت خانے کے نزدیک سینترل ہندی ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے مین گیٹ پر ہونے والا دھماکہ دہشت گردانہ حملہ بھی ہوسکتا ہے۔

بھارت میں اسرائیلی سفارت خانے کے ترجمان گائے نیر نے کہا کہ دہلی پولیس اور اسرائیلی سفارت خانے کی سیکیورٹی ٹیم اس دھماکے کی تحقیقات کر رہی ہیں۔ دھماکے بعد تین گھنٹے تک پورے علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا تھا۔

بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی ٹیم نے بھی دھماکے کے مقام کا جائزہ لیا تھا۔ اسرائیلی سفارت خانے اور دیگر اسرائیلی تنصیبات کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔

اسرائیلی قومی سلامتی کونسل نے اپنے باشندوں کو پرہجوم مقامات پر نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔

نئی دہلی میں اسرائیلی سفارت خانہ اور اس کا عملہ حملوں کی زد میں رہا ہے۔ 2021 میں بھی اسرائیلی سفارت خانے کے باہر دھماکہ ہوا تھا جس میں چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا۔ اس دھماکے میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی تھی۔

فروری 2012 میں اسرائیلی سفارت خانے کے سیکیورٹی اسٹاف کے ایک رکن کی اہلیہ نئی دہلی میں اپنی کار پر حملے میں زخمی ہوئی تھی۔

Israel

New Delhi

Blast

embassy

advisory

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div