Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
20 Shawwal 1445  

تھری ایم پی او کے تحت تمام گرفتاریوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ

شاندانہ گلزار اور شہریار آفریدی کے خلاف جاری ایم پی او آرڈرز کالعدم قرار
شائع 30 دسمبر 2023 11:36am

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیف کمشنر اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے اختیارات سے متعلق بڑا فیصلہ جاری کرتے ہوئے چیف کمشنر اسلام آباد کا تھری ایم پی او کا نوٹی فکیشن آئین سے متصادم قرار دے دیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی تھری ایم پی او کے خلاف درخواست پر 89 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا، جس میں 10 نکات پر مشتمل ڈیکلریشن اور ڈائریکشنز شامل ہیں۔

فیصلے میں کہا گیا کہ خصوصی اختیارات کے استعمال کیلئے کابینہ کی منظوری درکار ہوگی۔

فیصلے کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد کا نوٹی فکیشن آئین کے متصادم ہے، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے صوبائی اختیارات کا 1992 کا نوٹیفکیشن بھی خلاف قانون ہے۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ وفاقی حکومت کو اسلام آباد کی حد تک وفاق اور صوبے کے قوانین لاگو کرنے کیلئے خصوصی اختیارات حاصل ہیں۔

فیصلے میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت صوبائی اختیارات کے استعمال سے متعلق رولز تین ماہ میں تشکیل دے۔

فیصلے کے مطابق وفاقی حکومت ہی اسلام آباد کی حد تک صوبائی حکومت بھی ہے چیف کمشنر نہیں۔

فیصلے کے مطابق عدالتی حکم کا اطلاق انتظامیہ کے ماضی، موجود اور ہونے والے فیصلوں پر بھی ہوگا۔

عدالت نے شاندانہ گلزار اور شہریار آفریدی کے خلاف جاری ایم پی او آرڈرز کالعدم قرار دے دیے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ جب 26 ایم پی او کے اختیارات ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو دیے گئے تب یہ اختیارات محدود تھے، کسی کو حفاظتی حراست میں لئے جانے کا فیصلے کا اختیار صوبائی حکومت کا ہے ، اختیارات کا استعمال صرف حکومت کرسکتی تھی کسی فرد کو تفویض نہیں کئے جاسکتے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ ایم پی او کا آرٹیکل تھری (2) آئین کے آرٹیکل 10(4) سے متصادم ہے، کسی بھی شخص کو صرف اس بنیاد پر گرفتار نہیں کیا جاسکتا کہ وہ یہ عمل کرسکتا ہے، گرفتاری کا اطلاق تب ہوتا ہے جب کوئی عمل کررہا ہو یا کرچکا ہو، کسی کی حراست کے آرڈرزجاری کرنے کیلئے ٹھوس شواہد کا موجود ہونا بھی ضروری ہے۔

Islamabad High Court

Shandana Gulzar

three MPO

Sheheryar Afridi

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div