Aaj News

جمعرات, مئ 02, 2024  
23 Shawwal 1445  

سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے وزیراعظم کے لیے بلاول بھٹو کے نام کی توثیق کردی

8 فروری کو الیکشن ضرور ہوں گے، پارٹی جو بھی ذمہ داری دے گی، نبھاؤں گا، بلاول بھٹو
اپ ڈیٹ 03 جنوری 2024 10:53pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے وزیراعظم کے لیے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا نام پیش کردیا جبکہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) نے بلاول بھٹو کے نام کی توثیق کردی۔

سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی سربراہی میں پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا، ہائبرڈ اجلاس میں تمام اراکین موجود تھے۔

پی پی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں انتخابات پر بات چیت ہوئی اور ملکی صورتحال و انتخابات کے حوالے سے سیاسی رابطوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اراکین نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

آصف زرداری نے وزیراعظم کے لئے بلاول بھٹو کا نام پیش کیا اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے بلاول بھٹو کے نام کی توثیق کردی۔

8 فروری کو الیکشن ضرور ہوں گے، پارٹی جو بھی ذمہ داری دے گی، نبھاؤں گا، بلاول بھٹو

سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا، صدر زرداری نے مجھے وزیراعظم کا امیدوار نامزد کیا ہے، اس فیصلے کی سی ای سی کے ارکان نے توثیق کی اس پر میں شکر گزار ہوں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ انشاء اللہ 8 فروری کو الیکشن ضرور ہوں گے، پارٹی کی جانب سے جو بھی ذمہ داری دی جائے گی، نبھاؤں گا، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اپنے نظریے اور منشور پر انتخابات لڑا، پیپلزپارٹی نفرت کی سیاست کو دفن کرکے آگے بڑھنا چاہتی ہے، چاہتے ہیں ایسے معاشی پلان لے کر آئیں جس سے عام آدمی کو فائدہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ گڑھی خدا بخش میں اپنے 10 نکاتی منشور کو پیش کیا، پاکستان کے عوام سے 10 وعدے کیے ہیں اس کو پورا کریں گے، منشور کے تحت تنخواہیں بڑھائیں گے، پسماندہ علاقوں میں سولر بجلی لائیں گے، سولر پارک بناکرعوام کو 300 یونٹ مفت بجلی فراہم کریں گے، منشور کے تحت مفت تعلیم اور مفت صحت کی سہولیات فراہم کریں گے،

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ سندھ میں سیلاب متاثرین کو گھربنا کر دے رہے ہیں، ملک بھر میں عوام کو زمین کے مالکانہ حقوق دیں گے، بے نظیر کارڈ کے بعد کسانوں کے لیے کسان کارڈ لائیں گے، مزدوروں کو سوشل سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے مزدور کارڈ لائیں گے، نوجوانوں کو ایک سال کے لیے مالی مدد فراہم کریں گے، طلبہ کو قرض کی سہولت فراہم کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ پیپلزپارٹی انتخابی مہم چاروں صوبوں میں چلائے گی، مسائل کے حل کے لیے مل بیٹھنا ہوگا، تقسیم اور نفرت کی سیاست پرانی سیاست بن چکی ہے، مسائل بہت زیادہ ہیں مگر ان کا حل نکالنے کے لیے کوشش کرنا پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم یوسی سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کرنا چاہتے ہیں، قائد عوام نے روٹی کپڑا مکان کا وعدہ کیا وہ پورا کیا، پیپلز پارٹی نے آج تک جو وعدے کیے وہ پورے کیے، میں ناراض نہیں ہوتا آپ دوست ہی خبر چلا دیتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مسائل کے حل کے لیے ہمیں ذاتی دشمنی ختم کرنا ہوگا، سیاست کا مقابل ذاتیات سے نکل کرنا ہوگا، پاکستان پیپلز پارٹی کسی کو اپنا حریف نہیں سمجھتی ہے، ہماری تو اصل حریف مہنگائی اور معاشی حالات ہیں۔

سابق وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے بانی اور قائد مسلم لیگ کے لیے الیکشن لڑنے میں قانونی مشکلات ہے، پی ٹی آئی اور تحریک انصاف کا اشرافیہ کی جماعت ہے، جوڈیشری کے لیے مشکل ہے کس طرح ایک اہل اور ایک کو نااہل کرتی ہے۔

Bilawal Bhutto

Asif Ali Zardari

CEC

Bilawal Bhutto Zardari

Asif Zardari

Pakistan People's Party (PPP)

Election 2024

انتخابات 2024

الیکشن 2024

Election Jan 3 2023

ppp central executive committee

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div