Aaj News

جمعرات, مئ 02, 2024  
23 Shawwal 1445  

جوڈیشل کونسل کی کارروائی کے خلاف سماعت، جسٹس مظاہر نقوی کے وکیل نے بنچ پر اعتراض واپس لے لیا

اگر بنچ کی تشکیل درست نہیں تو ہم یہاں بیٹھ کر کیس کیسے سن سکتے ہیں؟ جسٹس جما مندوخیل
شائع 08 جنوری 2024 03:25pm

سپریم کورٹ میں جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف شکایات اور ان کی آئینی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں جسٹس مظاہر نقوی نے کے وکیل نے بنچ پر اعتراضات واپس لے لیے۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بینچ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی آئینی درخواست پر سماعت کررہا ہے، بنچ میں جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس مسرت ہلالی بھی شامل ہیں۔

جسٹس مظاہرنقوی نے جوڈیشل کونسل کی کارروائی سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھی ہے۔

سماعت شروع ہوئی تو جسٹس مظاہرنقوی کے وکیل مخدوم علی خان نے بنچ پراعتراض واپس لے لیا۔

جس پر جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ آپ نے تو بنچ پر اعتراض کیا تھا۔

وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ بنچ کے کسی رکن پر نہیں بنچ کی تشکیل کے طریقہ کار پر اعتراض کیا تھا۔

جسٹس امین الدین خان نے استفسار کیا کہ کیا کسی اور وکیل کو بنچ پر اعتراض ہے؟

جس پر لطیف کھوسہ اور انور منصور خان نے کہا کہ وہ مخدوم علی خان کی رائے سے متفق ہیں۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ اگر بنچ کی تشکیل درست نہیں تو ہم یہاں بیٹھ کر کیس کیسے سن سکتے ہیں؟

وکیل مخدوم علی خنا نے کہا کہ مجھے آپ سب ججز پر مکمل اعتماد ہے۔

جسٹس امین الدین نے کہا کہ آپ کا اعتراض تو گزشتہ عدالتی حکم کا حصہ بھی ہے۔

اس کے بعد عدالت نے مخدوم علی خان کی یقین دہانی مان لی اور مخدوم علی خان نے اپنے دلاٸل کا آغاز کردیا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ آپ نہیں سمجھتے بنچ پر اعتراض کا معاملہ پہلے قانونی طور پر حل ہونا چاہیے؟ اگر یہ بنچ باقاعدہ طریقہ کار سے بنایا نہیں گیا تو کیا آگے چل کر یہ نکتہ نہیں آئے گا؟

جس پر وکیل مخدوم علی خان نے جواب دیا کہ مجھے بنچ پر کوئی اعتراض نہیں، میں میرٹ پردلائل دینا چاہتا ہوں۔

جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ آپ کا اعتراض تو یہ بھی تھا کہ بنچ کے اراکین کم ہیں۔

مخدوم علی خان نے اپنے دلائل میں کہا کہ مفروضوں کی بنیاد پر جسٹس مظاہر نقوی کو جوڈیشل کونسل نے شوکاز نوٹس کیا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ یہ طے کرنا کس کا اختیار ہے کہ شوکاز نوٹس حقائق پر مبنی ہے یا مفروضوں پر؟

مخدوم علی خان نے جواب دیا کہ یہ سپریم جوڈیشل کونسل نے طے کرنا ہے ، مگر میرے خلاف شکایات بدنیتی پر مبنی ہیں۔

جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ سپریم کورٹ شکایت گزاروں کی بدنیتی کا تعین کیسے کرسکتی ہے؟

وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ جسٹس مظاہر نقوی کا کیس افتخار چوہدری اور قاضی فائزعیسی کے ریفرنس سے مختلف ہے، افتخار چوہدری اور قاضی فائز عیسی کے خلاف ریفرنس صدر نے بھیجے تھے، موجودہ کیس میں شکایت گزاروں کا ریفرنس بھیجنے کا کوئی قانونی حق نہیں بنتا، میرے خلاف ایک شکایت گزارعدالت میں آئینی درخواست بھی لایا ہے۔

جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ شکایت گزار کی درخواست سپریم جوڈیشل کونسل کی تشکیل پر ہے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ کیا آپ نے بھی سپریم جوڈیشل کونسل کی تشکیل پر اعتراض کیا؟

مخدوم علی خان نے جواب دیا کہ سپریم جوڈیشل کونسل میں ان کے ممبران پراعتراض کیا تھا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے تو اس میں فریق کس کس کوبنایا گیا ہے؟

وکیل نے جواب دیا کہ کیس میں وفاق اور صدر پاکستان بار سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔

مخدوم علی خان نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل کے دو ممبران کچھ عرصہ پہلے رولز آف انکوائری کو غیرآئینی کہہ کر ترمیم کا مطالبہ کرچکے ہیں، آئین کے آرٹیکل 209 کا مقصد ججز کے خلاف کارروائی نہیں بلکہ جج کو تحفظ دینا ہے۔

supreme judicial council

justice mazahir ali akbar naqvi

SUPREME COURT OF PAKISTAN (SCP)

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div