Aaj News

پیر, اپريل 29, 2024  
20 Shawwal 1445  

ایک شخص کو چوتھی بار مسلط کیا گیا تو عوام نقصان اٹھائیں گے، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی کے لاڑکانہ اور نوڈیرو میں تقریب سے خطاب کے دوران سیاسی وار
شائع 16 جنوری 2024 07:29pm
فوٹو۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور عمران خان نے اپنے حلقوں میں ایک بھی بڑا کام نہیں کیا، ایک شخص کو چوتھی بار مسلط کیا گیا تو عوام نقصان اٹھائیں گے، عوام 8 فروری کو نفرت اور تقسیم کی سیاست دفن کردیں گے، آج جو مخالفین کے ساتھ ہو رہا ہے کل ان کے ساتھ بھی وہی ہو گا۔

لاڑکانہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری عروج پر ہے، ہم نےعوام کو اپنے ایجنڈے کے بارے میں بتایا ہے، ہم عوامی منشور میں کئی منصوبے لے کر آرہے ہیں، 9 کروڑ 30 لاکھ افراد غربت کی لکیر سے نیچے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ گزشتہ 5 سال میں کھانے پینے کی اشیاء بہت مہنگی ہوگئیں، ملک میں بے روزگاری کی شرح میں بھی اضافہ ہوا، پیٹرول کی قیمت میں بھی 95 فیصد اضافہ ہوا، کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ کم اور موسمیاتی تبدیلی سے متاثر زیادہ ہے، عالمی موسمیاتی تبدیلی نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا ہے، سیلاب کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ ہرسال تنخواہ میں 8 فیصد اضافہ کریں گے، روزگار بڑھانے کے منصوبوں پر سرمایہ کاری کریں گے، غریبوں کو مالکانہ حقوق پر مکانات فراہم کیے جائیں گے، بجلی، پیٹرول کی قیمتیں 5 سال میں 80 فیصد تک بڑھ چکی ہیں، ہم نے پرائیوٹ سیکٹر میں انویسٹمنٹ کا پلان بنایا ہے، ہمارے منصوبے سے بیروزگاری کی شرح میں کمی آسکے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کے ہر ضلع میں یونیورسٹی بنائیں گے، اسمال انڈسٹری کے فروغ کے لیے بھی کام کریں گے، اسکول جانے والے ہر بچے کو مفت تعلیم دی جائے گی، طالب علموں کو ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ کچے علاقے کے لوگوں کو قومی دھارے میں لانا چاہتے ہیں، کچے کے علاقوں میں بھی خواتین کو مالکانہ حقوق پر مکان دینا چاہتے ہیں، کچی آبادی کو ریگولرائز کرکے مکینوں کو مالکانہ حقوق دیں گے، سفید پوش طبقے کے لیے بھی گھر خریدنا بہت مشکل ہوگیا ہے، گھر خریدنے کے لیے سفید پوش لوگوں کی مدد کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ کچے کے ڈاکوؤں کو بھی دعوت دیتا ہوں وہ تشدد چھوڑ کر ہماری طرف آئیں، غربت مٹاؤ بی آئی ایس پی کو مزید بہتر کریں گے، تعلیم اور صحت کی سہولیات بھی اس میں متعارف کروائیں گے، زراعت کے شعبے میں کسانوں کی بہتری کے لیے کام کریں گے، ہاری کارڈ کے ذریعے کسانوں کو براہ راست فائدہ مل سکےگا، کسانوں کو ہاری کارڈ کے ذریعے بہتر مواقع فراہم کریں گے۔

جو مخالفین کے ساتھ ہورہا ہے، کل ان کے ساتھ بھی ہوگا، بلاول بھٹو

اس سے قبل نوڈیرو میں تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گالی گلوچ کی سیاست سےہم ذاتی دشمنی تک پہنچ چکےہیں، سیاسی استحکام ہمارےمعاشی استحکام سےجڑاہوا ہے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ہردورمیں آئین،جمہوری نظام کادفاع کرتی رہی ہے۔ ہم نے پہلے ہی دن سلیکٹڈراج کو دنیا کے سامنے بےنقاب کردیاتھا۔ پیپلز پارٹی جمہوریت،18ویں ترمیم،این ایف سی پریقین رکھتی ہے۔

چیئرمی ن پی پی کے مطابق ہم نے ان قوتوں کا مقابلہ کیا جو آپ کے حق پر ڈاکا ڈالنا چاہ رہی تھیں،ان کی سازش تھی کہ پھر ون یونٹ قائم کیا جائےتاکہ سلیکٹڈراج چلتارہے لیکن ہم نے مل کراس سازش کوناکام بنایا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آپ نے 2018 میں بھی مجھےمنتخب کروایا تھا،آپ نے ہمیشہ قومی اسمبلی میں بھیجا۔ ہمیشہ آپ کی امیدوں کے مطابق ذمہ داریاں پوری کرنے کی کوشش کی۔ آپ نےماضی میں آمردورکامقابلہ کیا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ جیسا معاشی بحران آج ہےویسا کبھی نہیں دیکھا، معاشرےمیں تقسیم کا اثر بھی ہر گھرتک پہنچ رہا ہے۔

Bilawal Bhutto

Larkana

PPP

Bilawal Bhutto Zardari

Pakistan People's Party (PPP)

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div