Aaj News

جمعہ, مئ 03, 2024  
24 Shawwal 1445  

مسلم لیگ (ن) نے منشور تیار کرلیا، کل اعلان ہوگا

مسلم لیگ (ن) کل راولپنڈی میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی
شائع 26 جنوری 2024 09:09pm

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے منشور تیار کر لیا، کل اعلان ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کا منشور تیار ہوگیا ہے، منشور (کل) بروز ہفتہ مورخہ 27 جنوری کو پارٹی قائد نوازشریف، صدر شہبازشریف اور چیف آرگنازئر مریم نواز کے ہمراہ ماڈل ٹاﺅن میں منعقدہ تقریب میں باضابطہ طورپر جاری کریں گے، منشور کمیٹی کے چئیرمین سینیٹر عرفان صدیقی صاحب ، پارٹی کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال صاحب اور دیگر مرکزی راہنما بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔

سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پارٹی قائدین عوام کو پارٹی کے انتخابی منشور 2024 کے نمایاں نکات سے آگاہ کریں گے، 8 فروری کو عام انتخابات کے بعد حکومت ملنے کی صورت میں عوام اور ملک کو بحرانوں سے نجات دلانے کے لیے اقدامات کے اپنے ایجنڈے کو پیش کریں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ یکم نومبر 2023ء کو مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی نے کام شروع کیا تھا۔

نواز لیگ کے منشور کے نکات سامنے آگئے

مسلم لیگ ن عام انتخابات 2024 کے لیے اپنا منشورکل 27 جنوری کو پیش کرے گی۔

ن لیگ کی جانب سے اپنے منشور کا عنوان ”پاکستان کو سچے منشورسےنوازدو“ رکھا گیا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ مسلم لیگ کا بیانیہ، ’پاکستان کونوازدو،9مئی والے نہیں 28 مئی والےہیں‘ ہوگا۔

منشورکےاعلان سےمتعلق تقریب کےمہمان خصوصی نوازشریف ہوں گے۔ اس کے علاوہ شہبازشریف،مریم نواز،حمزہ شہباز،اسحاق ڈارسمیت دیگر بھی شریک ہوں گے۔

ن لیگ کی جانب سے ایس آئی ایف سی سےجڑے پراجیکٹ کو لیک رچلنےکاوعدہ بھی منشور میں شامل ہے۔

اس کے علاوہ عوام کوریلیف دینےکےشارٹ اورلانگ ٹرم منصوبے ، بجلی کے بھاری بلوں میں ریلیف کےمنصوبےکاوعدہ بھی ن لیگ کے انتخابی منشور میں شامل ہے۔

منشور میں نوجوانوں کے لئے سب سے زیادہ مراعات دینے کا وعدہ بھی شامل ہے۔ نوجوان نسل کو تعلیمی میدان میں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا منشور میں شامل ہوگا۔

صحت کے حوالے سے اقدامات کے تحت مفت علاج کی فراہمی پر خصوصی توجہ، خواتین کو معاشی میدان میں خود مختار بنانے کے لئے اقدامات ٓ، کسانوں کی ترقی ملک کی ترقی قرار دینا بھی منشور کا لازمی حصہ ہیں،

اس کے علاوہ ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات قائم کرنا بھی منشور کا حصہ ہے۔

ملک میں زرعی ترقی سے متعلق ہائبرڈ بیج کی تیاری کے لیے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ذریعے پہل کیے جانا بھی ن لیگ کے منشور کا حصہ بنایا گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کل راولپنڈی میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کل راولپنڈی میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، لیاقت باغ میں جلسہ عام سے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف خطاب کریں گے۔

مسلم لیگ ن کل سہ پہر تین بجے لیاقت باغ راولپنڈی میں سیاسی پاورشو کرنے جا رہی ہے، جلسے کے لیے مسلم لیگ ن نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

جلسہ گاہ کو 2 حصوں میں تقسیم کیا گیا جبکہ اسٹیج کے قریب خواتین جبکہ پچھلے حصے میں مرد کارکنان کے لیے جگہ مختص ہے، اسٹیج لگا دیا گیا ہے، لیاقت باغ میں کارکنان کے بیٹھنے کے لیے پانچ ہزار کرسیاں لگا دی گئیں ہیں۔

جلسہ گاہ میں داخلے کے لیے تین گیٹ مختص کیے گئے ہیں، 2 گیٹ کارکنان جبکہ ایک دروازہ مرکزی قیادت کے لیے رکھا کیا گیا ہے۔

PMLN

Nawaz Sharif

Maryam Nawaz

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div