Aaj News

جمعرات, مئ 02, 2024  
23 Shawwal 1445  

انڈر 19 ورلڈکپ: نیوزی لینڈ کو شکست دے کر پاکستان نے ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی

قومی ٹیم کی یہ میگا ایونٹ میں مسلسل تیسری فتح ہے
شائع 27 جنوری 2024 09:33pm

آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ انڈر کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔

ہفتہ کو جنوبی افریقا کے شہر ایسٹ لندن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان انڈر نائنٹین ٹیم نے نیوزی لینڈ انڈر نائنٹین ٹیم کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر شاندار کامیابی سمیٹ لی۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 141 رنز کا آسان ہدف دیا، جس کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز اوپنرز شاہ زیب خان اور شمائل حسین نے عمدہ بیٹنگ کی اور مطلوبہ ہدف 25.2 اوورز میں بڑی آسانی سے حاصل کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے شاہ زیب خان نے 80 اور شمائل حسین نے 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ غلط ثابت ہوا، نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 38 اوورز میں صرف 140 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کے بیٹرز پاکستانی بولرز کے سامنے نہ ٹک سکے، لیچ لین اسٹیک پول 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

عرفات منہاس نے شاندار بولنگ کی، 2 میڈن اوورز سمیت 5 اوورز میں 6 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عبید شاہ کے حصے میں بھی 3 وکٹیں آئیں۔

اس کے علاوہ علی اسفند اور محمد ذیشان نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ٹورنامنٹ میں دوسری بار شاہ زیب خان کو شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

گروپ ڈی میں پاکستان 6 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ نیوزی لینڈ دوسرے، نیپال تیسرے اور افغانستان کی ٹیم چوتھے نمبر پر ہے۔

یاد رہے کہ اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 181 رنز اور نیپال کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

South Africa

icc u19 cricket world cup

icc under 19 world cup

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div