Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
12 Dhul-Qadah 1445  

راولپنڈی میں احتجاج کے بعد سکیورٹی ہائی الرٹ، پی ٹی آئی امیدوار سمیت 4 کارکنان گرفتار

امیدوار شہزاد فاروق سمیت چار کارکنوں کو لاہور میں آر او کے دفتر کے باہر مظاہرہ کرنے پر پکڑا گیا
اپ ڈیٹ 11 فروری 2024 08:23pm

لاہور میں پولیس نے حلقہ این اے 119 کے ریٹرننگ افسر (آر او) کے دفتر کے باہر مظاہرہ کرنے پر امیدوار شہزاد فاروق سمیت چار کارکنوں کو حراست میں لے لیا، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی رہائشگاہ کے باہر پولیس کو تعینات کردیا گیا ہے۔ دوسری طرف راولپنڈی میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر آزاد امیدواروں کے حامیوں کے احتجاج کو ختم کرانے کیلئے پولیس نے شیلنگ کی۔ احتجاج کے بعد سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

لاہور میں بانی پی ٹی آئی کی رہائشگاہ زمان پارک کے باہر پولیس کی نفری تعینات ہے، اس کے علاوہ آر اوز کے دفاتر کے باہر بھی پولیس کی نفری تعینات کردی گئی ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے آر او کے دفتر کے باہر مظاہرہ کرنے پر پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور بعض کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

لبرٹی چوک سے پولیس نے چار افراد کو حراست میں لے لیا جن میں آزاد امیدوار شہزاد فاروق بھی شامل ہیں۔

شہزاد فاروق مریم نواز کے مد مقابل امیدوار تھے۔

راولپنڈی میں احتجاج اور شیلنگ

الیکشن کمیشن کے باہر آزاد امیدواروں کے حامیوں کے احتجاج کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے شیلنگ کی ہے۔

الیکشن کمیشن کے باہر مظاہرین کی جانب سے انتخابی نتائج کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ

ڈسڑکٹ الیکشن کمیشن کا دفتر کنٹینرز اور خاردار تاروں سے سیل

اہم تنصیبات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔ تمام سرکاری ضلعی و ریجنل آفس کی سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

پیٹرولنگ پولیس اور ایلیٹ فورس کے دستے تعینات کر دیے گئے۔

الیکشن کمیشن ریجنل و ڈسٹرکٹ آفس راولپنڈی کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی۔ ڈسڑکٹ الیکشن کمیشن کے دفتر کنٹینرز اور خاردارتاروں سے سیل کردیے گئے۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ ‏پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے، کسی بھی مقام پر غیر قانونی اجتماع کی اجازت نہیں ہے۔

پولیس ترجمان نے کہا کہ غیرقانونی اجتماع کی صورت میں قانونی کارروائی ہوگی، اسلحہ کی نمائش پر بھی پابندی ہے۔

شعیب شاہین کا اسلام آباد میں احتجاج

اسلام آباد میں این اے 47 سے آزاد امیدوار شعیب شاہین نے آر او آفس کے باہر دھرنا بھی دیا۔

پی ٹی آئی رہنما کی جانب سے کارکنان اور وکلاء پر لاٹھی چارج کرنے کے خلاف دھرنا دیا گیا۔

شرکاء کی جانب سے نعرے بازی بھی کی گئی، جبکہ سیکیورٹی اہلکار امن امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے موجود رہے۔

کچھ دیر بعد کارکنان آر او آفس کے سامنے سے واپس چلے گئے۔

احتجاج کے باعث موٹر وے ایم ون بند

پشاور موٹر وے ٹول پلازہ پر تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث موٹر وے ایم ون بند کر دی گئی۔

رشکی انٹرچینج سے آگے موٹر وے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے ، دونوں اطراف سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔

مظاہرین کی قیادت پی کے 82 کے امیدوارکامران بنگش کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی کارکنوں کا کہنا ہے کہ آر اوز دھاندلی میں ملوث ہیں۔

مظاہرین نے کہا کہ اگر فارم 45 کے مطابق نتیجہ نہ دیا گیا تو موٹر وے کو مکمل طور پر بند کر دیں گے۔

دوسری جانب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موٹر وے احتیاطاً بند کر رکھی ہے۔

PTI Lahore Protest

Shehzad Farooq Arrested