Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

نو منتخب اسمبلی کا اجلاس بلانے کی آخری تاریخ 29 فروری ہے، مرتضیٰ سولنگی

قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس کیلئے سمری پر میرے دستخط ہوں گے، مرتضیٰ سولنگی
اپ ڈیٹ 14 فروری 2024 10:26pm

نگراں وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ صدرِ مملکت الیکشن کے بعد 21 دن میں اسمبلی کا اجلاس بُلا سکتے ہیں، اسمبلی کا اجلاس بلانے کی آخری تاریخ 29 فروری ہے، 29 فروری تک کسی بھی دن اجلاس بلایا جا سکتا ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شکایات کے ازالے کیلئے قانونی فورمز موجود ہیں، قانون کا عمل جاری رہنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی سے زیادتی ہوئی ہے تو اسے انصاف ملنا چاہیے۔

وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ بلوچستان حکومت مسائل حل کرنے کی کوشش کررہی ہیں، مجھے یقین ہے کہ لوگوں کی مشکلات دور ہوں گی۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ وزارت پارلیمانی امور کی ذمہ داری بھی مجھ پر ہے، قانونی طور پر جب مناسب اجلاس طلب کیا جائے گا تو قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس کیلئے سمری پر میرے دستخط ہوں گے۔

واضح رہے کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کی 16 ویں قومی اسمبلی کی تشکیل کیلئے اسمبلی ہال کی تزئین و آرائش مکمل کرلی گئی۔

پارلیمانی امور ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس رواں ماہ کے آخر میں بلایا جائے گا۔

ذرائع پارلیمانی امور کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس 29 فروری تک بلانا آئینی طور پر لازم ہے۔

وزارت پارلیمانی امور اجلاس بلانے کی سمری وزیراعظم کو بھیجے گی جسے وہ صدر مملکت کو بھیجیں گے۔

اجلاس کے پہلے دن اراکین کے حلف کے بعد نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔

نئے قائد ایوان وزیراعظم کا انتخاب 2 یا 3 مارچ کو متوقع ہے۔

assembly session

Murtaza Solangi