Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
20 Shawwal 1445  

عظیم براڈکاسٹر امین سیانی 91 سال کی عمر میں دنیا چھوڑ گئے

54 ہزار ریڈیو پروگرام پیش کیے، 19 ہزار وائس اوور کیے، بناکا گیت مالا اور 'پائیدان' کی اصطلاح سے شہرت پائی۔
اپ ڈیٹ 21 فروری 2024 12:05pm

”بہنو اور بھائیو، میں آپ کا میزبان امین سیانی“ یہ الفاظ پانچ عشروں تک دنیا بھر میں اردو، ہندی فلمی گیتوں کے متوالوں کے کانوں میں رس گھولتے رہے۔

دل نشیں آواز اور انتہائی منفرد انداز کے حامل عالمی شہرت یافتہ براڈ کاسٹر امین سیانی بدھ کو 91 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ امین سیانی کو حالت بگڑنے پر ممبئی کے ریلائنس اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ امین سیانی کی آخری رسوم جمعرات کو ادا کی جائیں گی۔

امین سیانی 21 دسمبر 1931 کو ممبئی میں پیدا ہوئے تھے۔ امین سیانی نے 21 سال کی عمر میں انگریزی کے براڈکاسٹر کی حیثیت سے ریڈیو کی دنیا میں قدم رکھا۔

تب ریڈیو ہی سب کچھ تھا۔ ریڈیو پر جن کی آواز ابھرتی تھی وہ سیلیبرٹی بنتے تھے۔

امین سیانی نے سری لنکن براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے پلیٹ فارم سے بناکا گیت مالا کی داغ بیل ڈالی۔ رینکنگ کے حساب سے گیتوں کو پیش کرنے والے اس پروگرام کی چار عشروں تک جنوبی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقا اور وسطِ ایشیا میں بھرپور پذیرائی کی گئی۔

گیتوں کی رینکنگ کے لیے امین سیانی نے ’پائیدان‘ کا لفظ متعارف کرایا جو آج تک مختلف حوالوں سے استعمال ہوتا ہے۔

امین سیانی نے 6 عشروں سے بھی زائد مدت پر محیط کریئر کے دوران ریڈیو کے پروڈیوسر، پریزینٹر اور براڈکاسٹر کی حیثیت سے 54 ہزار پروگرام پیش کیے۔ انہوں نے 19 ہزار سے زائد وائس اوور کیے۔

امین سیانی نے چند فلموں میں بھی کام کیا۔

جب پاکستان میں شادی کی تقریبات میں فنکشنز، اسٹیج پر ورائٹی پروگرامز اور آڈیو کیسٹوں کی شکل میں گیتوں کی پیشکش کا رجحان عام تھا تب بہت سے فنکاروں نے امین سیانی کا انداز اپناکر شہرت بھی پائی اور دولت بھی۔ اس حوالے سے اقبال سیانی کا نام خاص طور پر قابلِ ذکر ہے۔

india

death

Bollywood

Indian Actor

BOLLYWOOD NEWS

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div