Aaj News

منگل, اپريل 30, 2024  
21 Shawwal 1445  

چوہدری پرویز الہیٰ نے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا

پرویز الہی نے کمرہ عدالت میں ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی پر دستخط کردیے
اپ ڈیٹ 14 مارچ 2024 04:05pm

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔

اسپیشل سینٹرل عدالت لاہور میں ایف آئی اے منی لانڈرنگ مقدمے کی سماعت ہوئی، پولیس نے پرویز الہی کو پیش کیا۔

وکیل نے جج سے کہا کہ پرویز الہٰی سے کاغذات پر دستخط کروانے ہیں آپ اجازت دیں، جیل میں ہر طرح کی ملاقاتوں پر پابندی عائد ہے۔

پرویز الہی نے کمرہ عدالت میں ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی پر دستخط کردیے۔

پرویزالہٰی کی صحافیوں سے گفتگو

چوہدری پرویزالٰہی نے ایف آئی اے عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی غیر آئینی ہے، پی ٹی آئی کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر عوام سے دھوکہ ہوا، انشاء اللہ فارم 45 ہی ان جعلی حکمرانوں کے گلے کا پھندا بنیں گے۔

پرویزالٰہی نے کہا کہ ووٹ چوروں کو وفاقی اور صوبائی کابینہ میں شامل کر کے عوامی مینڈیٹ کی تذلیل کی جا رہی ہے، زمین پر فرعون بن کر بیٹھنے والے اللہ کی پکڑ سے ڈریں، ن لیگ مفاہمت نہیں انتقام کی سیاست کر رہی ہے، ملکی تاریخ میں کبھی جیلوں میں اتنے سیاسی قیدی نہیں دیکھے جتنے آج ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک جماعت کی سیٹیں اس کی مخالف جماعتوں کی جھولی میں ڈال کر الیکشن کمیشن نے دنیا کی سیاسی تاریخ میں بدترین مثال قائم کی ہے، کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ الیکشن کمیشن تحریک انصاف کے خلاف اس حد تک جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالات اس نہج پر آ چکے ہیں کہ لوگ انصاف کیلئے اللہ اور اس کے رسولﷺ کی طرف دیکھ رہے ہیں، تحریک انصاف اپنے مینڈیٹ کی واپسی تک ملک گیر احتجاج جاری رکھے گی، انتخابی دھاندلیوں کے خلاف تمام اپوزیشن پارٹیاں بہت جلد ایک پلیٹ فارم پر نظر آئیں گی۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے لئے شیڈول کا اعلان کردیا ہے ۔

بدھ کے روز ای سی پی کی جانب سے ملک بھر میں قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات کے لئے انتخابی شیڈول کا اعلان کیا گیا جس کے تحت 21 اپریل کو ملک بھر میں خالی نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔

شیڈول کے بعد خبر سامنے آئی ہے کہ پی ٹی آئی صدر چوہدری پرویز الٰہی بھی ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے۔

ذرائع کے مطابق پرویز الہٰی گجرات کے صوبائی حلقہ پی پی 32 کی نشست سے الیکشن میں حصہ لیں گے، یہ نشست مسلم لیگ ( ق ) کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے اوورسیز چوہدری سالک حسین کے ایم این اے بننے سے خالی ہوئی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ فیملی کے افراد نے پرویز الہیٰ سے جیل میں ملاقات کر کے ضمنی انتخاب کے لیے کاغذات پر دستخط بھی کروا لیے ہیں۔

pti

lahore

by election

Chaudhry Pervaiz Elahi

Gujrat

Pervaiz Elahi

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div