Aaj News

بدھ, مئ 01, 2024  
23 Shawwal 1445  

سرکاری پیسہ چرا کر یورپی ممالک میں لگژری زندگی گزارنے والے 22 افراد گرفتار

گرفتار افراد پر 2021 اور 2023 کے درمیان خرد برد کا الزام
شائع 06 اپريل 2024 08:19am
فوٹو۔۔۔روئٹرز/فائل
فوٹو۔۔۔روئٹرز/فائل

یورپ بھر میں پولیس نے ایک مبینہ جرائم پیشہ نیٹ ورک کے خلاف چھاپے مار کر لگژری فلیٹس، ولاز، رولیکس گھڑیاں اور اسپورٹس کاریں قبضے میں لے لی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اٹلی، آسٹریا، رومانیہ اور سلوواکیا میں جمعرات کے روز چھاپوں کے دوران 22 افراد کو گرفتار کیا گیا، جب کہ شک کی بنیا دپر آٹھ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ 14 کو گھروں میں نظربند کر دیا گیا ہے۔

اس گروپ پر الزام ہے کہ اس نے 2021 اور 2023 کے درمیان اطالوی کووڈ ریکوری فنڈ سے 600 ملین یورو (515 ملین پاؤنڈ) کی خرد برد کی۔

یہ چھاپے وینس میں یورپی پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر کی سربراہی میں بڑے پیمانے پر بین الاقوامی تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر مارے گئے۔

افسران نے یورپ بھر میں پولیس فورسز کے ساتھ مل کر درجنوں چھاپے مارے اور لاکھوں کے اثاثے برآمد کیے۔

اٹلی کی مالیاتی پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپوں کے دوران حکام نے فلیٹس، ولاز، رولیکس گھڑیاں، کارٹیئر زیورات، سونا اور کرپٹو کرنسیاں ضبط کیں۔

انہوں نے لگژری گاڑیاں بھی قبضے میں لے لیں جن میں ایک لیمبورگینی اروس، ایک پورشے پنامیرا اور ایک آڈی کیو 8 شامل ہیں۔

جعلی کمپنیاں، رقم بینک اکاؤنٹس میں منتقل

ای سی پی او کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ افراد کے ایک گروپ نے اٹلی کے لیے یورپی یونین کی ریکوری اینڈ ریزیلینس فیسیلٹی (آر آر ایف) سے لاکھوں روپے کی گرانٹ حاصل کرنے کے لیے جعلی کمپنیاں قائم کیں۔

2021 اور 2023 کے درمیان، انہوں نے یہ ظاہر کرنے کے لئے جعلی کارپوریٹ بیلنس شیٹ دائر کی کہ ان کے کاروبار فنڈنگ کے اہل ہیں۔

ڈپٹی یورپی چیف پراسیکیوٹر آندریس ریٹر کے مطابق یہ کمپنیاں صرف یورپی ٹیکس دہندگان کو دھوکہ دینے کے لیے بنائی گئی تھیں۔

ای پی یو پی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گروپ پر الزام ہے کہ وہ ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس، غیر ملکی کلاؤڈ سرورز اور مصنوعی ذہانت کے سافٹ ویئر سمیت اپنی سرگرمیوں میں مدد کے لیے ’جدید ٹیکنالوجیز‘ کا استعمال کرتا ہے۔

جب مشتبہ افراد کو یہ رقم اٹلی میں موصول ہوئی تو انہوں نے انہیں آسٹریا، رومانیہ اور سلوواکیا کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کیا۔

اکاؤنٹنٹس، سروس پرووائیڈرز اور پبلک نوٹریوں کے ایک نیٹ ورک نے مبینہ طور پر مشتبہ افراد کی حمایت کی۔ تحقیقات کے نتیجے میں ایک اکاؤنٹنٹ کو پریکٹس کرنے سے روک دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یورپی یونین کا آر آر ایف 2021 میں قائم کیا گیا تھا جس کا مقصد دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے کاروبار متاثر ہونے کے بعد بلاک بھر میں 723.8 بلین یورو (620.6 بلین پاؤنڈ) تقسیم کرنا تھا۔ اٹلی اس فنڈ کا سب سے بڑا واحد وصول کنندہ ہے۔

2023 ء کی سالانہ رپورٹ کے مطابق، ای پی پی کی 1,927 تحقیقات جاری ہیں، جن میں 19.2 بلین یورو (16.5 بلین پاؤنڈ) کے مشتبہ فراڈ شامل ہیں۔

پچھلے سال کے آخر تک، ان میں سے تقریبا 206 تحقیقات یورپی یونین کے پوسٹ کووڈ فنڈنگ منصوبوں سے متعلق دھوکہ دہی سے متعلق تھیں۔

European Union

Europe

CORRUPTIOIN

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div