Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
12 Dhul-Qadah 1445  

آزاد کشمیر میں آج بھی کشیدگی، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی تمام اضلاع میں ہڑتال

ہڑتال، مظاہرین پر پولیس کےلاٹھی چارج اور گرفتاریوں کیخلاف ہے، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی
شائع 10 مئ 2024 08:37am
آزاد کشمیر میں آج ہڑتال، گزشتہ روز پولیس کے لاٹھی چارج کے بعد مظاہرین مشتعل ہوگئے۔ فوٹو۔۔۔ اسکرین گریب
آزاد کشمیر میں آج ہڑتال، گزشتہ روز پولیس کے لاٹھی چارج کے بعد مظاہرین مشتعل ہوگئے۔ فوٹو۔۔۔ اسکرین گریب

آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں آج مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی جارہی ہے۔ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے مظاہرین پر پولیس کےلاٹھی چارج اور گرفتاریوں کیخلاف ہڑتال کی کال دی۔

یاد رہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے 11 مئی کو بجلی کے بلوں میں کمی ، آٹے پر سبسڈی دینے سمیت دیگر مطالبات کےحق میں مظفرآباد کی طرف لانگ مارچ اور آزاد کشمیر اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا۔ جب کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کال سے قبل ہی پولیس نے عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا ، جس کے تحت ڈڈیال سمیت متعدد شہروں سے کمیٹی کے رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا۔

گزشتہ روز آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا تھا، پولیس کے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے متعدد طالبات سمیت کئی افراد زخمی ہوئے اور گرفتاریاں بھی کی گئیں جبکہ اس دوران اسسٹنٹ کمشنر کو بھی زخمی کیا گیا۔

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت نے آج آزاد کشمیر بھر میں پولیس کے لاٹھی چارج کےخلاف شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی کال دی۔

یاد رہے کہ حکومت آزاد کشمیر نے تعلیمی اداروں میں جمعہ اور ہفتہ دو دن کی تعطیل اور امتحانات منسوخ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

حکومت نے تمام اضلاع میں دفعہ 144کے تحت ہر قسم کے احتجاج مظاہروں جلوس، جلسوں پر پابندی عائد کردی ہے۔

آزاد کشمیر بھر میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ تمام اضلاع میں حالات کشیدہ ہیں۔

azad kashmir

protest

electricity bill

Pakistan Inflation