Aaj News

منگل, مئ 21, 2024  
12 Dhul-Qadah 1445  

پہلے ٹی 20 میں آئرلینڈ نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کردیا، 5 وکٹوں سے شکست

آئرلینڈ نے 183 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا
شائع 10 مئ 2024 10:52pm

3 میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹی 20 میں آئرلینڈ نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

آئرلینڈ نے پاکستان کا 183 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

ڈبلن میں کھیلے گئے پہلے ٹی میچ میں آئرلینڈ کے کپتان پال اسٹرلنگ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان کی اننگز

آئرلینڈ کی دعوت پر پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے 57 اور صائم ایوب نے 45 رنز کی اننگز کھیلی، فخر زمان 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس کے علاوہ اعظم خان اور شاداب خان صفر پر پویلین لوٹے جبکہ محمد رضوان ایک رن بنا سکے۔

جارح مزاج بلے باز افتخار احمد 15 گیندوں پر 37 رنز اور شاہین شاہ آفریدی 14 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 182 رنز بنائے اور میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا۔

آئرلینڈ کی جانب سے کریگ ینگ نے 2 جبکہ گیریتھ ڈیلنے اور مارک اڈیئر نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

آئرلینڈ کی اننگز

پاکستان کی جانب سے دیے گئے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی ابتدائی 2 وکٹیں جلدی گر گئیں لیکن پھر اوپنر اینڈی بیلبرنی اور ہیری ٹیکٹر نے عمدہ شراکت قائم کرکے ٹیم کی کامیابی کی راہ ہموا کی۔

لیکن 104 کے مجموعے پر ہیری ٹیکٹر کی ہمت جواب دے گئی اور وہ 36 کے انفرادی اسکور پر عماد وسیم کا شکار بن گئے۔

تاہم دوسری جانب بیلبرنی کی جارج ڈوکریل کے ساتھ مل کر پیش قدمی جارہی رہی اور دونوں نے ٹیم کا اسکور 143 تک پہنچایا، جس کے بعد جارج ڈوکریل 24 رنز بناکر عباس آفریدی کا شکار بن گئے۔

آئرلینڈ کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اینڈی بیلبرنی تھے جنہوں نے 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔

یوں آئرش ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کرلیا اور گیرتھ ڈیلانے 10 جبکہ کرٹس کیمفر 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی، عماد وسیم اور نسیم شاہ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے رہے کہ آئرلینڈ نے پہلی مرتبہ پاکستان کو ٹی 20 میں شکست دی ہے۔

پاکستان ٹیم میں کپتان بابر اعظم، صائم ایوب، محمد رضوان، فخر زمان، شاداب خان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور محمد عباس آفریدی شامل ہیں۔

تاخیر سے ویزہ ملنے کے باعث فاسٹ بولر محمد عامر قومی ٹیم کے بعد آرلینڈ رروانہ ہوئے تھے، اس لیے وہ آج کےمیچ میں شرکت نہیں کر رہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی 12 اور 14 مئی کو ڈبلن میں ہی کھیلا جائے گا۔

آئرلینڈ کا دورہ مکمل کرکے پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ پہنچے گی جہاں اسے انگلینڈ کے خلاف 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنا ہے یہ میچز 22 سے30 مئی تک ہوں گے۔

Pakistan Cricket Team

t20 series

1st T20 Match

Dublin

pakistan vs ireland