Aaj News

جمعرات, اکتوبر 10, 2024  
06 Rabi Al-Akhar 1446  

پیپلزپارٹی کسی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں، وزیراعلیٰ سندھ

کسی جماعت کے سربراہ کو ایک سیاسی جماعت کا رول بھی ادا کرکے دکھانا ہوگا، مراد علی شاہ
شائع 17 جولائ 2024 11:37am

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں ہے، کسی جماعت کے سربراہ کو ایک سیاسی جماعت کا رول بھی ادا کرکے دکھانا ہوگا۔

وزیرداخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کے ہمراہ کراچی میں جلوسوں کی سیکیورٹی کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ آج یوم عاشور کے مرکزی جلوس کی سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینا پہنچا ہوں، کل سکھر، روہڑی، جیکب آباد اور خیرپور میں جلوس کے سیکورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا، آج یہاں کے بعد حیدرآباد کے انتظامات کا جائزہ لینے جاؤں گا۔

وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کہ وزیرداخلہ سندھ میرے ساتھ ہیں، دوبارہ کراچی آئیں گے، جلوس کے اختتام تک جائزہ لیتے رہتے ہیں، حکومت سندھ، پولیس، رینجرز سمیت دیگر ادارے بڑی تندہی سے کام کررہے ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی کے بہترانتظامات کیے ہیں، اللہ تعالی سے دعا گو ہوں کہ ملک میں دہشت گردی کی لہر سے خاتمہ دلائے۔

ملک بھر میں یومِ عاشور پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات، موبائل فون سروس معطل

امام حسینؓ نے ظلم کیخلاف آواز اٹھانے کا درس دیا، یومِ عاشور پر صدر اور وزیراعظم کا پیغام

انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں ہیں، کسی جماعت کے سربراہ کو ایک سیاسی جماعت کا رول بھی ادا کرکے دکھانا ہوگا، فی الحال وہ سیاسی جماعت کے سربراہ کا کردار ادا نہیں کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں خفیہ کیمروں کے ذریعے کنٹرول روم سے جائزہ لیا جارہا ہے، مشکوک چیزوں کا جائزہ لیا جارہا ہے، ٹیکنالوجی میں بہتری آرہی ہے سیکیورٹی بھی مزید بہتر ہوگی۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ بارشوں میں پہلے فنڈز اوراختیار کا رونا رویا جاتا تھا، پہلے جو میئر آتے تھے وہ اختیارات اور فنڈز کا رونا روتے تھے لیکن میئرمرتضٰی وہاب قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے بہتر کام کررہے ہیں، صرف فنڈز کے لیے انتظامی امور میں بھی مدد کے لیے میئر کراچی ہمیشہ رابطے میں رہتے ہیں۔

قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مرکزی تنظیم عزاداری پاکستان کیمپ کا دورہ بھی کیا جہاں تنظیم کے عہدیداروں سے انتظامات کے حوالے سے بات چیت کی۔

Murad Ali Shah

karachi

محرم

CM Murad Ali Shah

Syed Murad Ali Shah

CM Sindh Murad Ali Shah

MUHARRAM UL HARAAM