Aaj News

منگل, دسمبر 03, 2024  
30 Jumada Al-Awwal 1446  

تربت میں گرینڈ قبائلی جرگے کا انعقاد، علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال

مقامی عمائدین کا حکومت بلوچستان اور افواج پاکستان کی جانب سے علاقے کی ترقی اور قیام امن کیلئے اقدامات پر مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار
شائع 07 نومبر 2024 11:15pm

بلوچستان کے ضلع کیچ کے شہر تربت میں قبائلی جرگہ منعقد ہوا، جس میں علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جرگے میں گورنر بلوچستان جناب جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، کمانڈر بلوچستان کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) میجر جنرل بلال سرفراز خان، وزراء، سینیٹرز، علاقائی عمائدین، اعلیٰ سول و عسکری حکام، خواتین، طلبہ و طالبات اور مقامی لوگوں نے شرکت کی۔

جرگے کے آغاز میں شرکاء نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

جرگے کے شرکاء نے مکران کے قبائلی عمائدین، کاروباری حضرات، خواتین، اور طلبہ سمیت مختلف طبقات کے نمائندوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ان پر مشاورت کی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بےنظیر اسکالرشپ پروگرام کا اعلان کیا، جس کے تحت بلوچستان کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے بیرون ممالک پی ایچ ڈی کے تمام اخراجات صوبائی حکومت بلوچستان برداشت کرے گی۔

بلوچستان بورڈ کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں ہر ضلع کے پہلے دس طلباء کی سولہ سالہ تعلیم کے اخراجات صوبائی حکومت اٹھائے گی۔

بلوچستان میں نوجوانوں اور بےروزگار افراد کے لیے اسکلز ڈیولپمنٹ پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے، جس سے لوگوں کو بیرون ملک روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

سنہ 2000 کے بعد دہشت گردانہ کارروائیوں میں شہید ہونے والے بے گناہ افراد کے خاندانوں کی معاونت اور ان کے بچوں کے تعلیمی اخراجات حکومت بلوچستان برداشت کرے گی۔

مزید برآں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے امن و ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ نہتے مزدوروں کو بلوچستان میں شہید کرناe افسوسناک ہے، اور ریاست مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے قبائلی عمائدین اور عوام کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

قبائلی عمائدین نے بلوچستان میں امن کے قیام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کلیدی کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

مزید برآں, یومِ اقبال کی مناسبت سے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے زیر اہتمام جنوبی بلوچستان میں علامہ اقبال کی فکر اور پیغام سے روشناس کروانے کے لیے تقریری مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کو مہمانِ خصوصی نے انعامات سے نوازا۔

جرگے کے اختتام پر مقامی عمائدین نے حکومت بلوچستان اور افواج پاکستان کی جانب سے علاقے کی ترقی اور امن و امان کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا۔

turbat

Grand Jirga