Aaj News

منگل, دسمبر 03, 2024  
30 Jumada Al-Awwal 1446  

چارسدہ میں پولیس موبائل کے قریب خودکش دھماکا، اہلکار محفوظ رہے

موٹرسائیکل سوار خودکش حملہ آور نے پولیس موبائل کو ٹارگٹ کیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
اپ ڈیٹ 14 نومبر 2024 12:38pm

خیبرپختونخوا کے شہر چارسدہ میں پولیس موبائل کے قریب خودکش دھماکا ہوا، جس میں پولیس اہلکار محفوظ رہے اور پولیس موبائل کو نقصان پہنچا۔

تفصیلات کے مطابق چارسدہ کے تھانہ عمرزئی کی حدود ہری چند روڈ پر اخون ڈھیری کے قریب موٹرسائیکل سوار خودکش حملہ آور نے پولیس موبائل کو اس وقت ٹارگٹ کیا جب وہ معمول کے گشت پر تھی تاہم دھماکے سے پولیس اہلکاروں محفوظ رہے۔

دھماکے کے نتیجے میں پولیس وین کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ روڈ پر ٹریفک نہ ہونے کے باعث دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہ ہوا۔

خودکش بمبار نے پولیس وین گزرنے کے فورا بعد خود کو دھماکے سے اڑا دیا، دھماکے کی آواز علاقہ میں دور دور تک سنی گئی۔

دھماکہ کے فورا بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقہ کو گھیرے میں لے لیا جبکہ پولیس نے خودکش حملہ آور کے اعضا اور موٹرسائیکل قبضے میں لے کر تفتیش شروع کردی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کو جائے وقوعہ سے پیسے اور شناختی کارڈ ملا ہے، جائے وقوعہ پر بم ڈسپوزل اسکواڈ شواہد اکھٹے کر رہے ہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے علاقہ میں سرچ آپریشن کر رہے ہیں، پولیس کی اسپیشل ٹیم واقعے کی نوعیت معلوم کررہی ہے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ تحقیقات کے بعد دھماکے کی نوعیت کے بارے حتمی رائے دی جائے گی، واقعے میں موٹرسائیکل سوار خودکش کے علاوہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

خیبر پختونخوا

Blast

Police Mobile

charsaddah

charsadda blast