معروف کار ڈیلر ویب سائٹ کیخلاف سنگین الزامات، مارکیٹ میں کیا تاثر ہے؟

گاڑیوں کی فروخت کی ویب سائٹ سے اختلاف کی وجہ ان کی بلیک میلنگ ہے، کار ڈیلر
اپ ڈیٹ 28 جنوری 2025 12:22am

معروف کار ڈیلر حافظ سجاد نے گاڑیوں کی خریدو فروخت کرنے والی ویب سائٹ کے بارے میں ایک اہم انکشاف کیا ہے جس میں انہوں نے ویب سائٹ کی جانب سے بلیک میلنگ کے الزامات عائد کیے ہیں۔ حافظ سجاد کا کہنا ہے کہ ان کی تنقید کا مقصد ویب سائٹ کی بلیک میلنگ کی پالیسیوں کو بے نقاب کرنا ہے، نہ کہ ویب سائٹ کی خدمات کو تنقید کا نشانہ بنانا۔

حافظ سجاد نے نجی ٹی وی چینل کے شو میں کہا کہ اس ویب سائٹ نے مارکیٹ میں بلیک میلنگ کا ایک ایسا پلیٹ فارم تیار کیا ہے جو صرف کار شورومز کو نہیں بلکہ پوری آٹوموٹیو انڈسٹری کو بلیک میل کرتا ہے۔ ایک مثال دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس ویب سائٹ نے ان سے 33 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کیے تھے، لیکن جب انہوں نے کہا کہ جنوری 2024 سے اگست 2024 تک یہ رقم طے ہوئی تھی، تو اچانک 15 اکتوبر 2024 کو ویب سائٹ نے ریٹس میں 400 فیصد اضافہ کر دیا اور اس رقم کو 15 جنوری 2024 سے منسلک کر دیا۔ اس کے بعد ان کی رقم میں بے تحاشہ کمی آ گئی۔

حافظ سجاد نے مزید الزام لگایا کہ ویب سائٹ پیڈ ریویوز کرتی ہے اور اس کا تمام مواد پیڈ ہوتا ہے، جو کہ بلیک میلنگ کی ایک اور شکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے جاپان سے گاڑی خریدی تو وہ آکشن شیٹ لگانے کی اجازت نہیں دیتے اور اپنی آکشن شیٹ دینے پر مجبور کرتے ہیں، جو کہ ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ویب سائٹ دراصل اپنی کمیشن کی بھوک میں لوگوں کو دھوکہ دے رہی ہے اور مارکیٹ میں گاڑیوں کی قیمتوں کے بارے میں غلط معلومات فراہم کر رہی ہے۔ حافظ سجاد کے مطابق، اس ویب سائٹ نے کئی ایکسیڈنٹ شدہ گاڑیوں کو زیادہ قیمت پر بیچا اور اپنی آکشن شیٹ میں ہیر پھیر کیا۔ اس وجہ سے انہوں نے اس ویب سائٹ کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔

کار ڈیلر نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی اس ویب سائٹ سے کوئی ذاتی رنجش نہیں ہے، بلکہ ان کا اصل مسئلہ اس ویب سائٹ کی بلیک میلنگ کے ساتھ ہے جو وہ کار شورومز اور آٹوموٹیو انڈسٹری کے دیگر حصوں کے خلاف کر رہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس حوالے سے مناسب تحقیقات کی جائیں اور ویب سائٹ کی پالیسیوں کو ریگولیٹ کیا جائے تاکہ عوام کا اعتماد برقرار رکھا جا سکے۔

Cars Purchasing

car dealer