Aaj News

بدھ, فروری 12, 2025  
13 Shaban 1446  

کرم: شدت پسندوں نے پولیس کی خالی چیک پوسٹیں مسمار کردیں

شدت پسندوں نے پاکستانی پرچم کو اتار کر اپنی جھنڈا بھی پہاڑی پر لگا دیا
اپ ڈیٹ 04 فروری 2025 11:07am

وسطی کرم کے علاقے مرغان کوٹکی میں شدت پسندوں نے پولیس کی خالی چیک پوسٹ کو مسمار کرنے کی ویڈیو جاری کر دی۔ پولیس کے مطابق، چند روز قبل اس چیک پوسٹ کو عارضی طور پر خالی کر دیا گیا تھا۔

ویڈیو میں شدت پسندوں کو خالی چیک پوسٹ کو مسمار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، شدت پسندوں نے پاکستانی پرچم کو اتار کر اپنی جھنڈا بھی پہاڑی پر لگا دیا۔

پولیس کے مطابق، چیک پوسٹ کو لوٹ کر آگ لگا دی گئی تھی، جس کے بعد اس کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ چیک پوسٹ لوٹنے اور جلانے کے الزام میں دس سے زائد افراد کو پکڑ لیا گیا ہے۔

سماجی رہنما مسرت بنگش نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اورکزئی اور خیبر سے ملحقہ وسطی کرم میں شدت پسندوں کی موجودگی اور ایسے واقعات نے پورے ضلع کی عوام کو یرغمال بنا لیا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ افغانستان اور دیگر علاقوں سے آئے ہوئے شدت پسندوں کو نکال کر محصور عوام کے لیے راستے کھولے جائیں۔

کرم میں فریقین کے بنکرز مسمار کرنے کا عمل جاری

دوسری جانب کرم میں دونوں فریقین کے بنکرز کو مسمار کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اب تک 30 سے زائد بنکرز گرائے جا چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 250 سے زیادہ بنکرز کی نشاندہی کی گئی ہے۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سامانِ رسد کی 453 گاڑیاں مختلف قافلوں کی صورت میں کرم پہنچائی جا چکی ہیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

متاثرین کے لیے امدادی رقوم کی تقسیم بھی جاری ہے، اور حکام کی جانب سے بحالی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

TTP

Kurram Situation

Police Check Post Demolished