شارجہ میں بھارتی شہری نے 25 ملین درہم جیت لئے، پاکستانی روپے میں کتنی رقم بنتی ہے؟
شارجہ میں مقیم بھارتی شہری نے 25 ملین درہم (تقریباً ایک ارب 90 کروڑ پاکستانی روپے) کی لاٹری جیت لی۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق اشیک پٹن ہارتھ نے ابوظبی کی بگ ٹکٹ سیریز 271 کے ڈرا میں 25 ملین درہم کا انعام جیتا، وہ جیک پاٹ کے تنہا مالک ہیں۔
بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ اشیک پٹن ہارتھ نے کہا کہ 10 سال سے قسمت آزما رہا تھا، میں نے تقریباً 100 ٹکٹ خریدے ہوں گے، اور پہلی بار لاٹری جیت گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس بار قرعہ اندازی میں ان کے پاس 6 ٹکٹ تھے، اور انہوں نے ٹکٹ نمبر 456808 کے ساتھ بھاری رقم جیتی ، ٹکٹ 29 جنوری کو آن لائن خریدا تھا۔
اشیک نے کہا کہ گزشتہ ماہ بگ ٹکٹ نے مجھے ایک ہزار درہم میں 6 ٹکٹوں کی پیشکش کی تھی، میں ان میں سے ایک کے ساتھ خوش قسمت ہوں۔
جب شو کے میزبان رچرڈ اور بوچرا نے انہیں اس خوشخبری دینے کے لیے بلایا، رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں کام کرنے والے اشیک پٹن کو ابتدائی طور پر شک تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے گھر والوں کے ساتھ کال پر تھا، جب مجھے بگ ٹکٹ کا فون آیا، میرے لیے یہ تھوڑا مشکوک تھا، چونکہ میں رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں ہوں اور فراڈ سے محتاط رہتا ہوں۔
اشیک پٹن ہارتھ کے ساتھ ان کی بیوی، 3 بچے، 2 بہنیں اور والدین بھی خوشی میں شریک ہیں، وہ رئیل اسٹیٹ انڈسٹری میں قدم جمانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں پھلنا پھولنا چاہتا تھا، یہ رقم جیتنے کے بعد اب میں اپنے خوابوں کو پورا کر سکتا ہوں۔
Comments are closed on this story.