دہشتگردی نے پھر سر اٹھالیا، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری ہے، وزیراعظم
وزیراعظم نے کہا ہے کہ دہشت گردی نے پھر سر اٹھا لیا ہے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے، امن کے حصول تک ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیرنہیں ہوسکتا۔ ملک میں میکرواکنامک استحکام آیا ہے۔ شرح نمومیں اضافہ اب ترجیح ہے۔ ریلوے کی مکمل ٹرانسفارمیشن ناگزیر ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ میں توسیع کے بعد یہ پہلا باضابطہ اجلاس ہے، کابینہ میں نئے ارکان کی شمولیت سے کارکردگی مزید بہتر ہوگی، آئی ایم ایف کی معاونت اور آپ کی محنت سے ملک میں میکرو اکنامک استحکام آیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شرح نمو میں اضافہ اب ہماری ترجیح ہے، معاملات تسلی بخش اور اچھے طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں، آئی ایم ایف کا مشن پاکستان کے دورے پر ہے، آئی ایم ایف وفد سے بات چیت کر رہے ہیں، آئی ایم ایف پروگرام ملکی ترقی کیلئے اہم ہے۔
انھوں نے کہا کہ زراعت، تجارت اور آئی ٹی کی وزارتوں کا شرح نمو سے براہ راست تعلق ہے، ریلوے کی مکمل ٹرانسفارمیشن ناگزیر ہے، بحری امور کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت ہے، ہر تین ماہ بعد وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ وزارتوں کی کارکردگی سے متعلق قوم کو آگاہ کیا جائے گا، منتخب نمائندے عوام کی خدمت کیلئے آئے ہیں، دہشت گردی نے پھر سراٹھایا ہے، خیبرپختونخوا، بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہر روزسیکیورٹی فورسز کے افسر اور جوان قوم کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، امن کے حصول تک ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، رواں ماہ ترسیلات زر 3.1 ارب ڈالر رہیں جو انتہائی خوش آئند ہے۔ اسی تیزی سے ہمیں اپنی برآمدات کو بڑھانا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہر ہفتے دو وزارتوں کے امور پر جائزہ اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ 190 ملین پاؤنڈ سے جدید ترین دانش یونیورسٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دانش یونیورسٹی میں اپلائیڈ سائنسز، آئی ٹی، اے آئی، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کی جدید تعلیم دی جائے گی، 14 اگست 2026ء سے اس یونیورسٹی کا باضابطہ پہلا سیشن شروع ہوگا۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت حالیہ توسیع کے بعد وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس تھا۔ وزیراعظم نے نئے کابینہ اراکین کو اجلاس میں خوش آمدید کہا اورنیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وفاقی کابینہ کووزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال کی بریفنگ دی، رمضان میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں بارے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹی کی کارکردگی انتہائی بہترہے۔
کابینہ اجلاس میں سائبرسیکیورٹی میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پردستخط کی منظوری دی گئی۔ مفاہمتی یادداشت سے سائبرسیکیورٹی پرآگاہی کا فروغ یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی جی یونٹ ایکسلیریٹرسنٹرکے قیام، جرارکاظمی کوشپنگ کارپوریشن کا سی او تعینات کرنے، کموڈور رضوان علی منور کی مدت میں ایک سال توسیع کی منظوری دی گئی۔
وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ فیصلوں اورکابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز گزشتہ فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔
Comments are closed on this story.