ایران میں 8 پاکستانیوں کا قتل، لاشیں مہرستان سے زاہدان روانہ
ایران میں قتل آٹھ پاکستانیوں کی لاشیں، مہرستان سے زاہدان روانہ کردی گئی ہیں۔ پاکستانی سفیر کا کہنا ہے کہ لاشوں کی پاکستان وطن واپسی کے انتظامات کر رہے ہیں۔
پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ایران میں قتل ہونے والے 8 پاکستانیوں کی لاشیں مہرستان سے زاہدان روانہ کر دی گئی ہیں۔
پاکستانی سفیر مدثر ٹیپوکے مطابق زاہدان میں ہمارے قونصلر نے مردہ خانے کا دورہ کیا، لاشوں کی پاکستان وطن واپسی کے انتظامات کر رہے ہیں۔
پاکستانی سفیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر یہ بھی لکھا کہ ہم ایران کے تعاون کے مشکور ہیں۔
سیستان میں قتل مزدوروں کے گھر خبر پہنچنے پر کہرام برپا
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں ایران کے مغربی صوبے سیستان و بلوچستان کے ضلع مہرستان کے نواحی گاؤں ہیزآباد پایین میں پیش آنے والے ایک ہولناک واقعے میں آٹھ پاکستانی مزدوروں کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔
تمام مقتولین کا تعلق پنجاب کے ضلع بہاولپور سے بتایا گیا، واقعے نے دونوں ممالک میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مقتولین کی لاشوں کی واپسی میں آٹھ سے دس دن تک لگ سکتے ہیں۔
ایران میں آٹھ پاکستانیوں کے قتل پر ایرانی سفارتخانے کا ردعمل
ایران میں آٹھ پاکستانی مزدوروں کے بہیمانہ قتل پر ایرانی سفارتخانے اور وزارتِ خارجہ نے شدید مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
ایرانی سفارتخانے نے بیان میں کہا کہ سیستان میں ہونے والا واقعہ دہشت گردی کی سنگین مثال ہے، جس کا مقصد پاک ایران تعلقات کو نقصان پہنچانا ہے۔ بیان میں دونوں ممالک کے درمیان دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واقعے کو اسلامی تعلیمات، قانون اور انسانی اقدار کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حملے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ایرانی حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور پاکستانی سفارتخانے سے بھرپور تعاون کیا جا رہا ہے۔