’ہم بھارت کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے، ملکی سلامتی کیلئے سب یکجا ہیں، پاکستان پر الزامات نئی دہلی کا وطیرہ ہے،‘ سینیٹ ارکان
حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سینیٹ ارکان کا کہنا ہے کہ ہم بھارت کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے، ملکی سلامتی کیلئے ہم سب یکجا ہیں، پاکستان پر الزامات نئی دہلی کا وطیرہ ہے، بھارت ہمیشہ جھوٹ بولتا ہے، مودی سیاسی مفاد کے لیے نفرتیں پھیلا رہا ہے، بھارت حملے سے سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، حکومت کل جماعتی کانفرنس بلائے، مودی اپنے گریبان میں جھانکے، اور یہ بات جان لے کہ دنیا بے وقوف نہیں ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی صدارت میں ہونے والے سینیٹ کے اجلاس میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے پہلگام واقعے پر بھارت کے جھوٹے الزامات پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
بیرسٹرعلی ظفر
سینیٹ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ مودی کی انتہا پسند حکومت نے پاکستان پر الزام لگایا، پاکستان پر بھارتی الزامات بدنیتی پر مبنی ہے، مودی کیلئے پیغام ہے کہ دنیا بے وقوف نہیں، مودی حکومت حملہ سے سیاسی فوائد حاصل کرنا چاہتی ہے۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ مودی سیاسی فوائد کیلئے نفرتیں پھیلا رہا ہے، بھارت ہمیشہ سے جھوٹے الزامات لگاتے آیا ہے، بھارت مقبوضہ وادی میں کیا کر رہا ہے؟اپنے گریباں میں جھانکے، بھارت میں کچھ بھی ہو وہ پاکستان پرالزام لگا دیتا ہے، بھارت کا اصل مقصد سندھ طاس معاہدہ ختم کرنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بھارت نے کئی بار سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی، سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا غیر قانونی اقدام ہے، پاکستان کا پانی روکنا بھارت کا اعلان جنگ ہے، مودی ہمیں ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم نہ ڈرے تھےاور نہ ہی ڈریں گے، بھارتی عوام اپنی حکومت کے ساتھ نہیں، مودی بھارت کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں، ہم خودمختارقوم اورایٹمی طاقت ہیں۔
سینیٹر فیصل واوڈا
سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر فیصل واوڈا نے نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بھارت کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے، ملکی سلامتی کیلئے ہم سب یکجا ہیں، بھارت سندھ طاس معاہدہ یک طرفہ ختم نہیں کر سکتا، پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کو مل کر بیٹھنا چاہئے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ میں کسی کو بھی معاف نہیں کرنے کی بات نہیں کر رہا، جنگ ہوئی تویہ انڈیا پاکستان کی نہیں خطے کی جنگ ہوگی۔ ہماری جنگ پوری دنیا میں بھی پھیل سکتی ہے، بھارت نے کچھ کیا تو بھارتی افواج کے خون سے ہولی کھیلیں گے، فضائی حدود بند کرکے ہم نے بھارت کو نقصان دینا شروع کر دیا۔
سینیٹر عرفان صدیقی
سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر عرفان صدیقی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک 90 ہزار کشمیری شہید ہو چکے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ بہت پرانا ہے، مقبوضہ کشمیر میں ہر 7 افراد پر ایک فوجی بندوق تانے کھڑا ہے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ بھارت مسلمانون کیلئے دنیا کی سب سے بڑی قتل گاہ بن کر رہ گیا ہے۔ این آئی اے کو کل ٹاکس ملا کہ مجرموں کا سراغ لگائیں، کمیٹی کل بنی اور پہلے ہی پاکستان پر حملے کا الزام لگایا گیا ہے، ایسے لگتا ہے کہ پہلگام واقعے سے پہلے ایف آئی آر تیار تھی۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جگہ جگہ چوکیاں اور ناکے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے گھر جلائے گئے، جائیدادیں ضبط کی گئیں، بھارت مسلمانون کیلئے دنیا کی سب سے بڑی قتل گاہ بن کر رہ گیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز
سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف شبلی فراز نے کہا کہ بھارت کے اقدامات کو جنگ کے طور پر دیکھ رہے ہیں، دشمن ہم پر جان لیوا وار کرنا چاہتا ہے، کل رات کو 54 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔
شبلی فرازنے کہا کہ اس دراندازی کی ٹائمنگ بہت اہم ہے، ایک طرف ہمیں مشرقی سرحد پر الجھایا گیا۔
انوار الحق کاکڑ
ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں لاکھوں افراد کو شہید کیا گیا، پاکستان دو قومی نظریے کی بنیاد پر بنا، بھارت میں جذبات کی بنیاد پر نفرتیں پھیلائی گئیں، مقبوضہ کشمیر میں عوام کی مرضی کے خلاف قبضہ کیا گیا۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں ظلم و جبر کا بازار گرم کیا گیا، کشمیری نسل در نسل مزاحمت کر رہے ہیں، ہندوتوا سوچ نے بھارت میں اقلیتوں کو نقصان پہنچایا، مودی سے قبل ہندوتوا پرچار اتنا نہیں تھا، ہندوتوا سوچ کے مطابق تمام اقلیتوں کو واپس ہندوہونا چاہئے، بھارت میں مذہبی انتہا پسند سوچ عروج پر ہے۔
سینیٹرجان بلیدی
سینیٹر جان بلیدی نے کہا کہ دہشت گردی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان تشویش ناک صورتحال ہے، دونوں ممالک کی قیادتیں سلطان راہی نہ بنیں، دونوں قیادتوں کو حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرنا چاہئے، دونوں قیادتوں کو اپنی باتوں کی سنگینی کا احساس ہونا چاہئے۔
انھوں نے کہا کہ بھارت میں اتنی طاقت نہیں کہ پاکستان کو کھا جائے، بھارتی چینلز دیکھ کر حیرت ہوتی ہے، ہمارے میڈیا کو بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے، انڈیا پاکستان کی جنگ اتنی آسان نہیں ہے، دونوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں۔
بعدازاں، سینیٹ کا اجلاس منگل کی سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا میں اس معاملے پر چیخ و پکار مچی ہوئی ہے۔ وہی بھارتی ذرائع ابلاغ جو گذشتہ ماہ پاکستان میں جعفر ایکسپریس پر نہتے مسافروں پر دہشت گرد حملے کے وقت جوش و خروش کا مظاہرہ کر رہے تھے اب الزام تراشیوں پر اتر آئے اور [پروپیگنڈہ][3] شروع کر دیا۔
وزیراعظم کی بھارت کو پہلگام واقعہ کی تحقیقات میں ’غیر جانبدارانہ اور شفاف‘ مدد کی پیشکش
پہلگام واقعے کے بعد وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھارت کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی تو پاکستان بھرپور طاقت سے جواب دے گا۔ وزیراعظم نے بھارت کو پہلگام واقعہ کی تحقیقات میں ’غیر جانبدارانہ اور شفاف‘ مدد کی پیشکش کی تاکہ حقیقت سامنے آئے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی، تو پاکستان 2019 کی طرح اسے منہ توڑ جواب دے گا۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہم اس کی حفاظت کے لیے ہر قیمت پر تیار ہیں۔ بھارت کو ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے۔
Comments are closed on this story.