چین، سعودی عرب سمیت دوست ممالک خطے میں کشیدگی کم کرانے کیلئے کوشاں ہیں، علامہ طاہر اشرفی
پاکستان علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ چین، سعودی عرب سمیت پاکستان کے دیگر دوست ممالک خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم بھارت کو اپنے لگائے گئے الزامات کے ثبوت بھی فراہم کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پہلگام واقعہ پر پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانا محض ایک بھونڈی سازش ہے جس سے بھارت خود بھاگ رہا ہے۔
علامہ طاہر اشرفی نے اعلان کیا کہ پاکستان علما کونسل آئندہ جمعہ کو ”یومِ استحکام پاکستان“ کے طور پر منائے گی، جب کہ 4 مئی کو علما کونسل کی شوریٰ کا اہم اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے جس میں موجودہ صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ اور جعفر ایکسپریس سانحہ کی عالمی سطح پر شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ دنیا کو معلوم ہو کہ پاکستان میں بھارتی مداخلت کے واضح شواہد موجود ہیں۔ علامہ اشرفی کا کہنا تھا کہ ’ابھینندن کو یاد کریں، اس بار چائے نہیں بلکہ ڈنڈے کا استعمال ہوگا۔ ہماری فضائیہ کے جوانوں نے پہلے بھی دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، اب بھی تیار ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی دہشت گرد ریاست بن چکا ہے اور مودی اس دہشت گردی کے مرکزی کردار ہیں۔ اگر بھارت میں اخلاقی جرات ہے تو وہ عالمی مبصرین کو مقبوضہ کشمیر میں جانے دے تاکہ سچائی دنیا کے سامنے آسکے۔
علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 30 لاکھ سے زائد مدارس کے طالب علم، اساتذہ اور عوام ریاست اور سپہ سالار کے حکم کا انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دوست ممالک نے حتی الامکان کوشش کی کہ خطے میں امن خراب نہ ہو، لیکن اگر بھارت اپنی ضد اور ہٹ دھرمی سے باز نہ آیا تو پاکستان ہر محاذ پر بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
Comments are closed on this story.