بھارت کی جانب سے پاکستان کیخلاف استعمال کئے گئے ’ہیروپ ڈرونز‘ کیا ہیں؟
پاکستانی مسلح افواج نے بھارت کی کھلی جارحیت کا بھرپور اور دندان شکن جواب دیتے ہوئے گزشتہ رات سے اب تک دشمن کی جانب سے بھیجے گئے 25 جدید ترین ”ہیروپ“ ڈرونز کو تباہ کر دیا ہے۔ یہ انکشاف ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے جمعرات کو ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی حدود میں بھیجے گئے یہ ڈرونز کراچی، لاہور سمیت مختلف شہروں کے فضائی زون میں تباہ کیے گئے۔ انہوں نے اس موقع پر بھارتی ڈرونز کے ملبے کی تصاویر بھی میڈیا کو دکھائیں، جس سے دشمن کی ناکامی اور ہماری مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت واضح ہوئی۔
یہاں یہ سوال اٹھتا ہے کہ آخر یہ ہیروپ ڈرونز ہیں کیا؟
پاک فوج نے 25 بھارتی ڈرون مار گرائے، ایک پاکستانی شہید، 4 فوجی اہلکاروں سمیت 6 زخمی
بھارت کا اسرائیلی ہتھیار ”ہیروپ ڈرون“ کیا ہے؟
بھارت کی جانب سے استعمال کیا گیا اسرائیلی دفاعی کمپنی ”اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز“ (IAI) کا تیار کردہ ”ہیروپ“ (Harop) ڈرون 1990 کی دہائی میں متعارف ہونے والے اسرائیلی ”ہارپی ڈرون“ کا جدید اور اپ گریڈ ورژن ہے، جس کی تیاری 2001 سے 2003 کے درمیان کی گئی اور اسے باقاعدہ طور پر 2009 میں عوام کے سامنے پیش کیا گیا۔ یہ ڈرون فضائی دفاعی نظام (SEAD) کو تباہ کرنے اور قیمتی اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ہیروپ ڈرون میں 10 سے 23 کلوگرام (23–50 پاؤنڈ) وزنی ہائی ایکسپلوسیو وارہیڈ نصب کیا گیا ہے، جبکہ اس میں ”الیکٹرو آپٹیکل / انفراریڈ (EO/IR)“ سینسر لگا ہوتا ہے جو دن و رات کے دوران 360 ڈگری نگرانی اور انتہائی درست نشانہ بازی کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔
یہ ڈرون 1,000 کلومیٹر تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور 6 سے 9 گھنٹے تک فضا میں منڈلا سکتا ہے۔ اسے مکمل خودکار انداز میں یا ”مین اِن دی لوپ“ (یعنی انسانی کنٹرول کے تحت) آپریٹ کیا جا سکتا ہے، جس سے یہ میدانِ جنگ میں بڑی لچک اور تباہ کن طاقت کے ساتھ کام کرتا ہے۔
ایک خطرناک ”لوئٹرنگ میونیشن“ ہتھیار ہے، جسے عام الفاظ میں ”خودکش ڈرون“ بھی کہا جاتا ہے۔
ہیروپ ڈرون نہ صرف فضائی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، بلکہ یہ مکمل خودمختار طریقے سے بھی اپنے اہداف کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس میں فولڈنگ وِنگز ہوتی ہیں اور اسے ٹرک، بحری جہاز یا فضائی لانچ سے بھی چھوڑا جا سکتا ہے۔
بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی
بین الاقوامی انسانی قانون (International Humanitarian Law) کے تحت شہری علاقوں کو نشانہ بنانا ایک سنگین جرم ہے۔ بھارتی ڈرونز کا پاکستان کے شہری علاقوں میں داخل ہونا اور حساس تنصیبات کے قریب پرواز کرنا عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
مقامی انگریزی ویب سائٹ کے مطابق مہران یونیورسٹی جامشورو کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر فہد عرفان صدیقی کہتے ہیں کہ ہیروپ ایک ملٹری گریڈ ٹیکنالوجی ہے، جو سیٹلائٹ کے ذریعے کنٹرول ہوتی ہے۔ اسے جام کرنا انتہائی مشکل ہے، مگر پاکستانی دفاعی ماہرین نے اسے نہ صرف ٹریک کیا بلکہ کامیابی سے مار گرایا۔
امرتسر میں دھماکوں کی آوازیں، میزائلوں کے ٹکڑے برآمد
بھارت کا اسرائیل سے ہتھیاروں کا گٹھ جوڑ
ترک خبر رساں ادارے ٹی آر ٹی گلوبل کے مطابق، بھارت پچھلے ایک عشرے میں اسرائیل سے 2.9 ارب ڈالر مالیت کا جدید ترین فوجی ساز و سامان خرید چکا ہے، جس میں یہی ہیروپ ڈرون، میزائل، ریڈار اور اسپائی (جاسوس) ٹیکنالوجی شامل ہے۔ بھارت کی اس دفاعی سرمایہ کاری کا مقصد خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا اور پاکستان جیسے پرامن ملک کو اشتعال دلانا ہے۔
Comments are closed on this story.