Aaj News

منگل, مئ 13, 2025  
15 Dhul-Qadah 1446  
لائیو

پاک فوج نے 29 بھارتی ڈرون مار گرائے، 3 پاکستانی شہید، 4 فوجی اہلکاروں سمیت 5 زخمی

پاکستان نے حملہ کیا تو اس کی گونج پوری دنیا میں سنائی دے گی، ڈی جی آئی ایس پی آر

بھارت کی طرف سے پاکستانی فضائی حدود میں دراندازی کی ایک اور کوشش بری طرح ناکام بنا دی گئی ہے۔ ترجمان پاک فوج ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق پاک فوج کے مطابق ابتک 29 اسرائیلی ساختہ بھارتی ہیروپ ڈرون مار گرائے۔ دیگر شہروں راولپنڈی، گوجرانوالہ، ڈہرکی، چکوال، شیخوپورہ، اور گجرات کے علاوہ سکھراور رحیم یارخان بھی شامل ہیں جہاں بھارتی ڈرونز گرائے گئے۔ ایک ڈرون کراچی کے علاقے ملیر شرافی گوٹھ اور دیگر میں گرنے کے واقعات بھی سامنے آئے۔

ترجمان پاک فوج نے گرائے جانیوالے بھارتی ڈرونز کا ملبہ میڈیا پر دکھا دیا

ڈی جی آئی ایس پی آر نے گرائے جانیوالے بھارتی ڈرونز کا ملبہ میڈیا پر دکھاتے ہوئے بتایا کہ افواج پاکستان نے سافٹ کِل (تکنیکی) اور ہارڈ کِل (ہتھیاروں) سے اب تک 29 اسرائیلی ساخت کے ہیروپ ڈرونز کو مار گرایا ہے۔ بھارت بوکھلاہٹ میں اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز سے پاکستان پر حملہ کر رہا ہے۔

ترجمان پاک فوج ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ہمارہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آدم پور سے 4 میزائل فائر کیے گئے، امرتسر میں بھارتی فوج نے خود اپنی تنصیاب کو نشانہ بنایا۔ بھارتی ڈرونز کی حدود میں داخلے سے قبل نشاندہی کر لی تھی، ایک ڈرون کا فرانزک ہو رہا ہے۔ بھارت سے آنے والی ہر چیز پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

پاکستان نے حملہ کیا تو اس کی گونج پوری دنیا میں سنائی دے گی، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آخر کب بھارت سینما کی فلموں سے حقیقت کی دنیا میں آئے گا، بھارت نے کہا پاکستان نے ڈرون حملہ کیا، جہاں ڈرون حملہ ہوا وہاں کم از کم گھاس تو جلتی، بھارت کو چاہئے کہ جنگی جنوں کو ہوا دینے سے گریز کرے۔ پاکستان نے حملہ کیا تو اس کی گونج پوری دنیا میں سنائی دے گی۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت کا 15 مقامات پر حملے کا الزام مضحکہ خیز ہے، ڈرون حملوں میں 3 شہادتیں ہوئی ہیں، 6 اور7 کی رات ہم نے چائے وہاں بنائی ہے۔ پاکستانی عوام مطمئن ہیں، بھارت یہاں بے چینی پھیلانا چاہتا ہے، پاکستانی قوم مطمئن رہے، ہم چوکس ہیں کچھ نہیں ہوگا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ سکھ برادری پر ڈرون حملہ ناقابل قبول ہے، ننکانہ صاحب کو آنے والے ڈرون کو گرایا گیا۔ بھارت سوچ رہا ہے کہ شرم سے کیسے نکلے، پاکستانی قوم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ بھارت میں ڈرل ہو رہی ہے، پاکستانی کھیل کود رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل لاہور میں بھارت کے چھ ڈرون مار گرائے گئے، راولپنڈی میں تین اور کراچی میں دو بھارتی ڈرون مارگرائے گئے، اٹک میں بھی دو بھارتی ڈرون مار گرائے گئے۔ اس کے علاوہ چکوال، بہاولپور، میانو، چھور، گوجرانوالا، شاہ کوٹ اور ننکانہ میں بھارتی ڈرون مار گرائے گئے۔

دریں اثنا، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے جمعرات کو میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ بھارت کی جانب سے 7 اور 8 مئی کی درمیانی شب پھر دراندازی کی کوشش کی گئی۔ بھارت نے گزشتہ رات مختلف مقامات پر ڈرون بھیجے۔

انہوں نے ابتدائی طور پر بتایا کہ پاک فوج نے لاہور، گوجرانولا، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، میانو، چھور اور کراچی سمیت 12 شہروں میں کئی بھارتی ڈرون مار گرائے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے تصدیق کی کہ ایک بھارتی ڈرون پاکستانی فوجی تنصیب سے ٹکرانے میں کامیاب ہوا جس میں پاک فوج کے چار اہلکار زخمی ہوئے اور عسکری سامان کو معمولی نقصان پہنچا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ڈرون بھیجنا کھلی جارحیت ہے۔

ڈرونز کے مقام کی تفصیلات

اس سے قبل سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے سکھر اور رحیم یار خان میں دو بھارتی ڈرونز مار گرائے، بھارتی ڈرونز کو ریڈار پر نوٹ کیا گیا، لاک کر کے درست نشانہ بنایا گیا، دونوں ڈرونز پاکستان کی فضائی حدود کی سنگین خلاف ورزی کر رہے تھے، پاکستانی دفاعی نظام نے فوری ردعمل دے کر خطرہ ناکام بنایا۔

واضح رہے کہ سب سے افسوسناک واقعہ سندھ کے ضلع گھوٹکی کی تحصیل ڈہرکی میں پیش آیا، جہاں بارڈر کے قریب گرنے والے بھارتی ڈرون کے دھماکے سے ایک کسان جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والے کی شناخت فوری طور پر نہیں ہو سکی، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ڈرون کے ملبے کو سیکیورٹی فورسز نے قبضے میں لے لیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

چکوال کے تھانہ ڈھمن کی حدود میں دیوالیاں گاؤں کے قریب بھی ایک ڈرون گرا۔ عینی شاہدین کے مطابق گرنے سے قبل سائرن کی آوازیں سنی گئیں۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم ڈرون کے بھارتی ساختہ ہونے کے شواہد ملے ہیں، جن کی تحقیقات پولیس اور حساس ادارے کر رہے ہیں۔

شیخوپورہ کے گاؤں باہومان میں بھی پاک فوج نے دشمن کا ایک اور ڈرون مار گرایا، جو کھیتوں میں گرا۔ یہاں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملبے کی جانچ شروع کر دی ہے۔

گجرات کے علاقے پیر جنڈ میں گرنے والے بھارتی ڈرون کے دو ٹکڑے الگ الگ جگہوں پر گرے۔ ایک حصہ کھیتوں میں جبکہ دوسرا ایک شہری مہندی خان کے گھر کی چھت توڑتا ہوا اندر جاگرا۔ خوش قسمتی سے کمرے میں کوئی فرد موجود نہ ہونے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے ملبہ قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

لاہور ایئرپورٹ کے قریب بھی بھارت کی جانب سے سرحد پار سے آپریٹ کیا جانے والا 5 سے 6 فٹ لمبا ڈرون گرایا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ ڈرون حساس مقامات کی جاسوسی کے لیے استعمال ہو رہا تھا اور دھماکہ خیز مواد سے لیس تھا۔ ڈرون کو سسٹم جام کر کے گرایا گیا، جس کے دوران ایک زوردار دھماکہ بھی سنا گیا۔ واقعہ کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو سیل کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ والٹن روڈ پر فائرنگ سے دو مشکوک ڈرون بھی مار گرائے گئے۔

کراچی کے علاقے ملیر شرافی گوٹھ میں بھی ایک ڈرون گرایا گیا، جہاں ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ ہو چکی ہیں۔

راولپنڈی میں مجموعی طور پر تین ڈرونز گر کر تباہ ہوئے۔ راولپنڈی کے علاقوں فوڈ اسٹریٹ، ریس کورس ٹرانزٹ کیمپ اور اسکیم تھری کے قریب ڈرونز گرے، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو سیل کردیا۔ فوڈ اسٹریٹ میں گرنے والے ڈرون سے ایک شخص شدید زخمی ہوا۔

ننکانہ صاحب میں بھی تھانہ شاہکوٹ کی حدود میں بھارتی ڈرون مار گرایا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈرون گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ جس کے بعد اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ڈرون کے ملبے کو قبضے میں لے لیا گیا۔

بھارتی طیارے گرائے جانے کے بعد جے 10 سی طیارے بنانے والی چینی کمپنی کے شیئرز میں نمایاں اضافہ

خیال رہے کہ بھارت نے 6 اور 7 اپریل کی شب اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے بھارتی حملے میں 31 معصوم شہریوں کی شہادت اور 57 زخمیوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ بھارتی حملے کے فوراً بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے گرائے اور ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا۔

بعدازاں عسکری اور سیاسی حکام نے اعلان کیا کہ یہ بھارتی کارروائی کا جواب نہیں تھا بلکہ اصل جواب ابھی باقی ہے۔ وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فوج کو اپنے چنے ہوئے وقت، جگہ اور دستیاب وسائل کے زریعے جوابی کارروائی کی اجازت دے دی۔

جس کے بعد بھارت میں امرتسر کے حساس علاقے شری ہرمندر صاحب (گولڈن ٹیمپل) کے گردونواح میں رات بھر مکمل بلیک آؤٹ نافذ رہا۔ امرتسر کی مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور بیرونی لائٹیں بند رکھنے کی ہدایت کی، جس سے علاقے میں رات بھر خوف، کشیدگی اور بےچینی کی فضا پائی گئی۔

فرانس نے بھارتی رافیل تباہ ہونے کی تصدیق کر دی، سی این این

اُدھر، بھارتی جارحیت اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر راولپنڈی انتظامیہ نے بھی شہر کی تمام نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں مکمل بلیک آؤٹ کا حکم جاری کر دیا ہے۔ جاری کردہ ہدایات کے مطابق بلیک آؤٹ کا اطلاق آج شام 7 بجے سے لے کر کل صبح 5 بجے تک جاری رہے گا۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے مکمل اجتناب کریں اور اپنے گھروں اور دفاتر کی کھڑکیاں مکمل طور پر ڈھانپ کر رکھیں تاکہ اندرونی روشنی باہر نہ جا سکے۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام اسٹریٹ لائٹس بند رہیں گی اور رہائشی علاقوں میں لوگ اپنے گھروں کے باہر، گیراج اور پورچ وغیرہ کی تمام لائٹس بھی بند رکھیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ موجودہ قومی سلامتی کی صورتِ حال اور بھارتی ڈرون حملے کے خدشے کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر کے طور پر کیا گیا ہے۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بلیک آؤٹ پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

Amritsar

India Pakistan Tension

India Pakistan War

Pakistan India Clash 2025

black out

Lahore Blasts