پاک فوج نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی تاریخی فتح کا جشن منا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی ملک بھر میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے اور آج حیدرآباد میں بھی ایک بڑی ریلی نکالی جا رہی ہے۔
کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف 70 ہزار سے زائد قیمتی جانوں کی قربانی دی اور پاک فوج نے دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد بھارت نے ایک پرامن پاکستان پر جنگ مسلط کی لیکن پاک فضائیہ کے شاہینوں نے تاریخی کارنامہ انجام دے کر پوری دنیا کو اپنی صلاحیتوں کا معترف بنا دیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی نہ صرف مذمت کی بلکہ اس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سفارتی اور جنگی محاذ پر بھارت کے خلاف بھرپور کامیابی حاصل کی، جبکہ بھارت نے سچ کو چھپانے کے لیے پاکستانی میڈیا اور سوشل میڈیا پر پابندیاں لگائیں۔
سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ہماری مسلح افواج نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستانی سرزمین پر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور بھارت کے مفادات ایک جیسے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے پی ٹی آئی کو بات چیت کی دعوت خوش آئند ہے، جبکہ صدر ٹرمپ نے بھی جنگ کی بجائے تجارت پر زور دیا۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ مودی نے ہمیشہ جنگی جنون کو اپنی سیاست کا حصہ بنایا، ایک ایسا شخص جس پر کبھی امریکہ میں داخلے پر پابندی تھی، آج بھارت کا وزیراعظم ہے اور اُس نے ڈیڑھ ارب عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال دی ہیں۔
Comments are closed on this story.