نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے، عاقب جاوید
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ ان کا بنیادی مقصد نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے تاکہ پاکستان کرکٹ میں پائیدار بہتری لائی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ دنیا پاکستان کی تقلید کرے، نہ کہ پاکستان دوسروں کی نقل کرے۔
عاقب جاوید نے کہا کہ کسی بھی ملک کی کرکٹ کی ترقی اور کامیابی میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا کردار کلیدی ہوتا ہے، اس لیے اس کا کردار واضح اور مؤثر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم میں موجود خلا کو پُر کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے اکیڈمی کو جدید سہولتوں سے لیس کیا جا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بائیو مکینک لیب کو دوبارہ متحرک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اور انہوں نے خود کو آئندہ چھ ماہ کا ہدف دیا ہے تاکہ تمام سرگرمیاں بحال کر کے ایک مضبوط بیک اپ تیار کیا جا سکے۔
عاقب جاوید نے کہا کہ پاکستان میں اچھے کوچز کی کمی کا تاثر درست نہیں، دنیا بھر میں بیرون ملک سے کوچز لانے کا رجحان عام ہے، اور یہ صرف پاکستان تک محدود نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوچز، امپائرز، کیوریٹرز، ٹرینرز اور فزیو تھراپسٹ کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ لیول تھری کوچنگ مکمل کرنے کے بعد ہر کوچ کو کسی ایک شعبے میں اسپیشلائزیشن کرنا لازمی قرار دیا جائے گا تاکہ ہر شعبے میں مہارت کے حامل افراد میسر آئیں۔
Comments are closed on this story.