Aaj News

منگل, جولائ 08, 2025  
13 Muharram 1447  

ایران اسرائیل جنگ: 450 پاکستانی زائرین وطن واپس آگئے

ایران میں مقیم پاکستانی طلبا کے محفوظ انخلا کے انتظامات کر رہے ہیں، اسحاق ڈار
شائع 15 جون 2025 06:13pm

ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے بعد پڑوسی ملک میں پھنسے 450 پاکستانی زائرین وطن واپس آگئے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ ایران میں مقیم پاکستانی طلبا کے محفوظ انخلا کے انتظامات کر رہے ہیں، پہلے مرحلے میں 154 طلبا کو وطن لایا جائے گا، عراق میں پھنسے ہوئے زائرین سے بھی سفارت خانے کا رابطہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام دیتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر، حکومت پاکستان پاکستانی شہریوں کی فلاح و بہبود اور حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ایران سے 450 پاکستانی زائرین کا انخلا گزشتہ روز مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ایران میں مقیم پاکستانی طلبا کے محفوظ انخلا کے لیے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں، پہلے مرحلے میں 154 طلبا کو نکالا جائے گا۔

ایکس پیغام میں نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ فضائی حدود کی بندش کے باعث عراق میں پھنسے ہوئے پاکستانی زائرین سے ایران میں ہمارا سفارت خانہ مسلسل رابطے میں ہے، ان کی محفوظ رہائش اور ممکنہ انخلا کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ میں کرائسز مینجمنٹ یونٹ (سی ایم یو) 24 گھنٹے فعال ہے۔

رابطہ کی تفصیلات درج ذیل ہیں

فون نمبر: 9207887-51 92+

ای میل: [email protected]

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بتایا کہ خطے میں موجود ہمارے سفارت خانے پاکستانی شہریوں اور زائرین کی مدد اور انخلا کے لیے تمام ضروری اقدامات کی مکمل نگرانی کر رہے ہیں۔

ایران میں 30 سے 40 ہزار پاکستانی ہیں، پاکستانی سفیر

دوسری جانب ایران میں تعینات پاکستانی سفیر محمد مدثر ٹیپو کا کہنا ہے کہ ایران میں 30 سے 40 ہزار پاکستانی ہیں، 155 پاکستانی طلبا کو تافتان بارڈر پر بھجوارہے ہیں، اس وقت ایران میں ساڑھے 4 ہزار زائرین بھی موجود ہیں۔

پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ گزشتہ روز 450 پاکستانی زائرین بارڈر پر جاچکے ہیں، پاکستان سے ایران آنے والے زائرین پہلے صورتحال دیکھیں، پاکستان اور ایران کے تعلقات مضبوط ہوئے ہیں، آنے والے سالوں میں پاک ایران تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

یاد رہے کہ حکومت پاکستان نے گزشتہ روز ایران کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کی، جس میں کہا گیا تھا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر پاکستانی شہری محدود مدت تک ایران کا سفر نہ کریں، ایران میں موجود پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کے لیے وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں پہلے ہی ضروری اقدامات اور انتظامات جاری ہیں۔

Ishaq Dar

Iran Israel War

ISRAELI ATTACK ON IRAN

Minister Ishaq Dar

Foreign Minister Ishaq Dar

Deputy PM Ishaq Dar

Israel Iran tensions

Irani Hypersonic Missile

pakistani pilgrims in iran