Aaj News

بدھ, جولائ 16, 2025  
20 Muharram 1447  

شہباز شریف کو لیڈ لینی چاہیے، پاکستان کو سیاسی دلدل سے نکالنا چاہیے، اسد عمر

پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، حکومت کو چاہیے کہ ہمارے ساتھ بیٹھ کر ایک مشترکہ قومی ایجنڈا تیار کرے، اسد عمر
شائع 16 جون 2025 11:05am
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر سخت تنقید کی اور ملکی استحکام کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

اسد عمر نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف 70 سال کی عمر سے اوپر جا چکے ہیں، اب اگلی نسل مریم نواز اور حمزہ شہباز کی ہے، جنہوں نے اگلے 20 سے 30 سال سیاست کرنی ہے۔

وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف وزیراعظم کی کرسی پر ضرور بیٹھے ہیں، لیکن وہ عوام کے ووٹوں سے نہیں بلکہ کسی اور طریقے سے وہاں پہنچے ہیں۔

اسد عمر نے تمام سیاسی قوتوں کو مل بیٹھنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، حکومت کو چاہیے کہ ہمارے ساتھ بیٹھ کر ایک مشترکہ قومی ایجنڈا تیار کرے۔

اسد عمر نے عالمی اور علاقائی خطرات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک خطرناک خطے میں زندگی گزار رہے ہیں، بھارت نے جب حملہ کیا تو ہماری افواج نے منہ توڑ جواب دیا۔

اسرائیل اور ایران کے تنازع کے حوالے سے اسد عمر کا کہنا ہے کہ جس طرح اسرائیل نے ایران پر جارحیت کی ہے، اس پر پوری مسلم امہ اور پاکستان کے عوام ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔

حکومتی بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ حکومت پورے سال میں بڑے تاجروں سے 100 کروڑ روپے کا ٹیکس نہیں اکٹھا کر سکی۔ جو طاقتور ہے، حکومت اس سے پیسہ نکلوانے میں ناکام ہے ، انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اس بجٹ میں کسی بڑے جاگیردار یا تاجر پر کوئی ٹیکس نظر آ رہا ہے؟

asad umar

budget

media talk

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)