افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام ،30 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک ، آئی ایس پی آر
پاک فوج نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے ایک بڑے گروہ کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران 30 بھارتی سرپرست یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا، جو افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان دہشتگردوں کا تعلق اس نیٹ ورک سے تھا جو بھارت کی پشت پناہی میں پاکستان کے خلاف کارروائیاں کرتا رہا ہے۔
ترجمان آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ کامیابی پاک فوج کے مستعد انٹیلی جنس نیٹ ورک اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہے۔ سیکیورٹی فورسز ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور سرحدی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔
صدرمملکت، وزیر اعظم، وزیرداخلہ اور اسپیکر قومی اسمبلی نے دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر آصف زرداری نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کا خاتمہ اور ملکی دفاع کے لیے ہمارا عزم غیرمتزلزل رہے گا، وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج سیسہ پلائی دیوار ہیں اور پوری قوم سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا انجام عبرتناک موت ہے، اسپیکر ایاز صادق نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ بھارتی پشت پناہی والے دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا جارہا ہے اور قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
Comments are closed on this story.