دو برس میں ’تیجس‘ کے گرنے کا دوسرا واقعہ، بھارتی دفاعی صنعت پر سوالات اٹھنے لگے
دبئی ایئر شو میں بھارتی فضائیہ کا تیجس لڑاکا طیارہ فضا میں کرتب کرتے ہوئے گِر کر تباہ ہوگیا۔ یہ گزشتہ دو برس میں ’تیجس‘ طیارے کے گرنے کا دوسرا واقعہ ہے، جس نے اس طیارے کی کارکردگی اور سیکیورٹی پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
جمعے کو دبئی ایئر شو میں بھارت کو اُس وقت ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا، جب فضائی کرتب کے مظاہرے کے دوران بھارت کا جدید لڑاکا طیارہ تیجس گِر کر تباہ ہوگیا، اس حادثے میں پائلٹ بھی ہلاک ہو گیا۔
اس سے قبل مارچ 2024 میں بھی بھارتی ریاست راجستھان کے جیسل میر کے علاقے میں ایک تیجس طیارہ گِر کر تباہ ہوا تھا، جس میں پائلٹ محفوظ طور پر باہر نکل آیا تھا۔
واضح رہے کہ بھارت میں تیار ہونے والا ’تیجس‘ جہاز سِنگل سیٹ اور لائٹ کومبیٹ ایئرکرافٹ (ایل سی اے) تھا، جسے ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ نے تیار کیا تھا۔اس حادثے کے بعد عالمی مارکیٹ میں ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) کے شیئرز گرے ہیں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ پیر کو دوبارہ مارکیٹ کھلنے پر شیئرز مزید گرنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے بعد سے اب تک ایچ اے ایل کے شیئرز میں اب تک 10 فیصد سے زائد کمی آ چکی ہے۔
بھارتی جنگی جہاز ’تیجس‘ دبئی ایئر شو میں گر کر تباہ

بھارتی میڈیا کے مطابق ’تیجس‘ 4.5 جنریشن کا ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے، جو فضائی دفاع، جارحانہ فضائی مدد اور مختصر جنگی مشنز کو انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اپنے کم وزن اور چھوٹے سائز کے باعث اسے بھارتی فضائیہ کا اہم اثاثہ قرار دیا جاتا ہے۔
بھارتی فضائیہ میں تیجس طیاروں کی شمولیت بھارت کی اس کوشش کا حصہ تھا جس کا مقصد پرانے جنگی طیاروں کی جگہ جدید سسٹمز لانا اور درآمدات پر انحصار کم کرنا ہے۔ تیجس اسکواڈرن نمبر 45 ’فلائنگ ڈگرز‘ کو 2016 میں بھارتی فضائیہ میں شامل کیا گیا تھا۔
بھارت کے مطابق ’تیجس‘ کی ایک اہم خصوصیت اس کی مارٹن بیکر زیرو۔زیرو اجیکشن سیٹ ہے، جو پائلٹ کو صفر بلندی اور صفر رفتار یعنی ٹیک آف، لینڈنگ یا نچلی پرواز کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں پائلٹ کو محفوظ طور پر باہر نکلنے کی سہولت دیتی ہے۔
اِس سسٹم کے تحت ایسے حالات میں طیارے کی چھت دھماکے سے الگ ہوجاتی ہے، اور یہ جدید سیٹ پائلٹ کو اوپر کی جانب دھکیل دیتی ہے، جس کے بعد پائلٹ پیرا شوٹ کے ذریعے محفوظ طریقے سے لینڈ کرسکتا ہے۔
دبئی ایئر شو میں شائقین کے لیے المختوم ایئرپورٹ کے رن وے کے قریب انکلوژرز بنائے گئے تھے۔ جہاں موجود شائقین اور ایوی ایشن ماہرین نے تیجس طیارے کو پیش آنے والے حادثے کو اپنی آنکھوں سے دیکھا۔
سوشل میڈیا پر ایئر شو حادثے کی وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیجس طیارہ اپنا فضائی مظاہرہ جاری رکھے ہوئے تھا کہ اچانک تیزی سے زمین کی جانب آنے لگا۔ پائلٹ کو باہر نکلنے کا موقع بھی نہ سکا، اور چند ہی لمحوں بعد سیاہ دھوئیں کے بادل ہر طرف پھیل گئے۔
انڈین ایئرفورس نے حادثے میں پائلٹ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔













اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔