مدینہ منورہ میں موسلادھار بارش، صحرائی وادیاں پانی سے بھر گئیں
مدینہ منورہ اور اس کے گردونواح میں دوسرے روز بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس کے باعث نشیبی علاقے اور صحرائی وادیاں سیلابی پانی سے بھر گئیں۔ مسجد نبوی کے اطراف میں بھی بارانِ رحمت خوب برسی، جس سے موسم مزید خوشگوار جبکہ سردی میں اضافہ ہوگیا۔
ساحلی شہر ینبع میں طوفانی بارشوں نے نظامِ زندگی درہم برہم کردیا۔ شاپنگ سینٹرز، گھروں کی چھتوں اور تجارتی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ملبے تلے آکر کئی گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ تیز ہوا اور مسلسل برسنے والے پانی نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا۔
محکمہ شہری دفاع نے مسلسل بارشوں کے پیشِ نظر شہریوں اور غیر ملکی رہائشیوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ امدادی ٹیمیں مختلف علاقوں میں الرٹ ہیں۔
سعودی عرب کے مغربی علاقوں میں دسمبر کے آغاز سے ہی جاری گرج چمک کے سلسلے نے موسم کو غیر معمولی طور پر نم اور سرد کردیا تھا، جدہ جیسے خشک شہر میں جہاں دسمبر میں اوسطاً صرف 5 ملی میٹر بارش ہوتی ہے اور سال کے اس مہینے میں عموماً 2 ہی بارش کے دن ریکارڈ کیے جاتے ہیں، ایسے مواقع شہریوں کے لیے خوشی اور حیرت کا باعث بنتے ہیں۔
سعودی عرب نے پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالر ڈیپازٹ کی مدت میں مزید توسیع کردی
سوشل میڈیا پر جاری ردِعمل میں شہریوں نے بارش کی آواز، آسمانی گرج اور ان لمحات کی خوشی کو شاعرانہ انداز میں بیان کیا۔ کئی افراد نے ٹریفک جام کی ویڈیوز بھی شیئر کیں، جبکہ بہت سے لوگ ساحل پر ہونے والی اس بارش اور آتش بازی کو ’سال کی خوبصورت ترین رات‘ بھی قرار دے رہے ہیں۔
سعودی عرب میں پاکستانی نرسوں کے لیے نوکریاں، تنخواہ کتنی؟
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی خطے میں مزید بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔














