ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے ٹرافی ٹور کا آغاز، پاکستان کب پہنچے گی؟
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ٹی 20 ورلڈکپ 2026 کے ٹرافی ٹور کا آغاز ہوگیا، شروعات مشترکہ میزبان بھارت اورسری لنکا کو ملانے والے ایڈم برج سے کی گئی، میگا ایونٹ 7 فروری سے 8 مارچ تک کھیلا جائےگا جب کہ پاکستان کی ٹیم اپنے تمام میچ سری لنکا میں کھیلے گی۔
آئی سی سی کے مطابق مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے ٹرافی ٹور ود ڈی پی ورلڈ کا شاندار اور تاریخی آغاز بھارت اور سری لنکا کو ملانے والے ثقافتی ورثے رام سیٹو (ایڈمز برج) کے اوپر کیا گیا، جہاں فضائی مظاہرے کے دوران ٹرافی کو عوام کے سامنے پیش کیا گیا۔ اس موقع پر دو نشستوں پر مشتمل پیرا موٹر طیارہ فضا میں بلند ہوا، جس میں ٹی20 ورلڈ کپ کی ٹرافی موجود تھی۔
پیرا موٹر نے ایڈمز برج کے اوپر مجاز حد تک پرواز کی اور پھر واپس آیا، اس دوران فضا سے شاندار مناظر اور تاریخی لمحے کو کیمرے میں محفوظ کیا گیا۔ اس علامتی لانچ کو ٹورنامنٹ کے وسعت، عالمی رسائی اور بلند اہداف کی نمائندگی قرار دیا جا رہا ہے۔
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کا دسواں ایڈیشن 7 فروری سے 8 مارچ 2026 تک کھیلا جائے گا، جس میں 20 ٹیمیں حصہ لیں گی جب کہ ٹورنامنٹ 29 دنوں پر محیط ہوگا اور اس کے میچز 8 عالمی معیار کے اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے، جن میں 5 بھارت اور 3 سری لنکا میں واقع ہیں۔
ٹی 20 ولڈکپ کے ٹکٹ پوسٹر سے پاکستانی کپتان کی تصویر غائب، آئی سی سی پر شدید تنقید
ٹی 20 ورلڈ کپ سے پہلے ٹیمیں کتنے میچز کھیلیں گی؟ شیڈول سامنے آگیا
ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے میچز احمد آباد، چنئی، نئی دہلی، ممبئی، کولکتہ، کولمبو اور کینڈی کے اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ کا کہنا ہے کہ رام سیٹو جیسے تاریخی اور ثقافتی مقام پر ٹرافی ٹور کا آغاز اس بڑے ایونٹ کے لیے ایک متاثر کن پیغام ہے، جو شائقین کو ایک دوسرے سے جوڑنے کا ذریعہ بنے گا۔
بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیواجیت سائیکیا کے مطابق بھارت اس سے قبل دو ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی کر چکا ہے اور اب ٹی20 ورلڈ کپ کے ایک اور بڑے ایونٹ کے لیے تیار ہے۔
سری لنکا کرکٹ کے صدر شمی سلوا نے بھی ٹرافی ٹور کے آغاز کو عالمی شائقین کے لیے ایک خوش آئند موقع قرار دیا۔
ٹور کے دوران ٹرافی ایشیا کے مختلف ممالک جن میں بھارت، سری لنکا، قطر، عمان، نیپال، بحرین اور منگولیا شامل ہیں، کا دورہ کرے گی، اس دوران شائقین کو ٹرافی قریب سے دیکھنے اور مختلف تقریبات میں شرکت کا موقع ملے گا۔
















