امریکی ریاست شمالی کیرولائنا میں طیارہ اڑان کے کچھ ہی دیر بعد گر کر تباہ

حادثے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی اور متعدد افراد ہلاک ہوگئے تاہم ہلاکتوں کی حتمی تعداد تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔
شائع 19 دسمبر 2025 12:48am

امریکی ریاست شمالی کیرولائنا میں ایک نجی طیارہ اڑان کے کچھ ہی دیر بعد حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی اور متعدد افراد ہلاک ہوگئے تاہم ہلاکتوں کی حتمی تعداد تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق جمعرات کو شمالی کیرولائنا کے شہر اسٹیٹس وِل میں ایک چھوٹا نجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ آئیریڈل کاؤنٹی کے چیف ڈپٹی بل ہیمبی نے بتایا کہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10:15 بجے پیش آیا۔ حادثے میں کئی افراد جان سے گئے تاہم ہلاکتوں کی درست تعداد کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

ان کا کہنا تھا کہ امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئیں تاہم واقعے کی مکمل تفصیلات ابھی سامنے نہیں آ سکیں۔

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق سیسنا سی 550 طیارہ 18 دسمبر کو صبح تقریباً 10 بج کر 20 منٹ پر اسٹیٹس وِل ریجنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔ ایف اے اے نے بتایا کہ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) حادثے کی تحقیقات کی قیادت کرے گا اور آئندہ پیش رفت سے آگاہ کرے گا۔

حادثے سے باخبر ایک وفاقی ذریعے نے سی این این کو بتایا کہ طیارے میں ناسکار (NASCAR) سے وابستہ ایک شخصیت بھی سوار تھی تاہم تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

ایئرپورٹ پر موجود ایک عینی شاہد کے مطابق حادثے کے فوراً بعد طیارہ آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔ ایوی ایشن کمپنی میں کام کرنے والی وکٹوریہ نامی خاتون نے بتایا کہ انہوں نے زور دار دھماکے کی آواز سنی، جس کے بعد ہر طرف شعلے اور آگ دکھائی دی۔

این ٹی ایس بی کی ترجمان سارہ ٹیلر سُولِک نے کہا کہ تحقیقاتی ٹیم آج رات جائے حادثہ پر پہنچے گی جب کہ کل میڈیا بریفنگ متوقع ہے۔

مقامی حکام کی جانب سے مختصر پریس کانفرنس میں حادثے کی وجوہات کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ ایئرپورٹ منیجر جان فرگوسن نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے تک کسی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔

واضح رہے کہ اسٹیٹس وِل ریجنل ایئرپورٹ جو شارلٹ سے تقریباً 45 میل شمال میں واقع ہے، ایک غیر کنٹرولڈ ایئرپورٹ ہے جہاں کنٹرول ٹاور موجود نہیں۔ یہاں پائلٹس کو مشترکہ ریڈیو فریکوئنسی کے ذریعے اپنی پوزیشن خود رپورٹ کرنا ہوتی ہے۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق حادثے کے بعد ایئرپورٹ کو تاحال بند رکھا گیا ہے جب کہ ہنگامی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر موجود ہیں۔

ابتدائی فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق طیارہ رن وے 10 سے روانہ ہونے کے بعد تقریباً 5 میل تک پرواز کر سکا اور پھر فوری طور پر واپس ایئرپورٹ کی جانب مڑ گیا جب کہ طیارہ 2 ہزار فٹ سے زیادہ بلندی حاصل نہ کر سکا۔

حادثے کے تقریباً 80 منٹ بعد ایئرپورٹ پر کم بادل، ہلکی بارش اور محدود حدِ نگاہ ریکارڈ کی گئی، تاہم یہ واضح نہیں کہ حادثے کے وقت موسمی حالات کس حد تک اثر انداز ہوئے۔

امریکا

Plane Crash

north carolina

Statesville

private jet crash